فیڈرر اور جوکووچ کا سنسناتی اوپن کے فائنل میں ٹکراؤ متوقع

سنسناٹی۔18 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام )سوئزرلینڈ کے عالمی نمبر دوٹینس اسٹار راجر فیڈرر نے ہم وطن اسٹینسلاس واورنکا کے خلاف اپنی برتری برقرار رکھتے ہوئے سنسناٹی ماسٹرس ٹینس ٹورنمنٹ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لی ہے ۔فیڈررکیلئے اگرچہ مقابلہ آسان نہیں رہا اور پہلے سٹ گنوانے کے بعد انہوں نے واورنکا کے خلاف6-7(2)، 7-6(6)۔6-2 سے کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے اسی کے ساتھ ہم وطن کھلاڑی کے خلاف اپنی فتوحات کا کیریئر ریکارڈ21-3 کردیا ہے ۔ شروعات میں میچ یکطرفہ تصور کیا جا رہا تھا لیکن پہلا سیٹ اپنے نام کرنیکے بعد واورنکا نے تجربہ کار فیڈرر کے خلاف دوسرا سٹ بھی ٹائی بریک میں پہنچاتے ہوئے اسے دلچسپ بنا دیا۔خراب موسم کی وجہ سے میچ کو تیسرے سٹ میں تھوڑی دیر کے لیے روکنا پڑا لیکن اس کے دوبارہ شروع ہونے پر فیڈرر نے الگ ہی ٹینس کھیلی اور 6-2 سے آسانی سے سٹ اور میچ جیت لیا۔ فیڈرر اپنی حیران کن شکست کو ٹالنے میںکامیاب ہوکر اگلے راؤنڈ میں جگہ بنائی وہیں ارجنٹینا کے یان مارٹن ڈیل پوٹروکو شکست ہوگئی ۔پوٹرو کو بلجئیم کے ڈیوڈ گوفن نے 7-6، 7-6 سے شکست دی۔گوفن نے دلچسپ میچ کوبیک ہینڈ ونر کے ساتھ ختم کیا۔ بلجئیم کے کھلاڑی کو اب سیمی فائنل میچ میں فیڈرر کے مشکل چیلنج کا سامنا کرنا ہوگا جبکہ ایک اور سیمی فائنل میں سابق نمبر ایک سربیا کے نواک جوکووچ اورکروشیا کے مارن سلچ آمنے سامنے ہوں گے ۔10 ویں سیڈ جوکووچ کیلئے اگرچہ آخری چارکھلاڑیوں میں رسائی کا سفرکافی مشکل رہا جنہوں نے دفاعی چمپئن بلغاریہ کے گریجار دمترووف کو تین سٹوں کے میچ میں 2-6 6-3 6-4 سے تیسرے راؤنڈ میں شکست دی۔بارش کی وجہ سے ان کا میچ دو دن میں مکمل ہو ا تھا۔ اپنے تیسرے راؤنڈ کے میچ کے چند گھنٹے بعد ہی جوکووچ نے دوسرے میچ میں کینیڈا کے ملوس راونک کو 7-5 4-6 6-3 سے شکست دی۔ انہوں نے اسی کے ساتھ راونک کے خلاف کیریئر ریکارڈ9-0 کر لیا ہے ۔سابق چیمپئن سلچ نے تیسرے راؤنڈ میں روس کے کارین کھاچانووف کو 7-6 3-6 6-4 سے شکست دینے کے بعد اسپین کے پابلو کارے نو بستا کو 7-6 6-4 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کیا۔اس سے پہلے کیریئر کے آٹھویں سنسناٹی خطاب کیلئے کھیل رہے دنیا کے دوسرے نمبر کے کھلاڑی فیڈرر نے تیسرے راؤنڈ میں ارجنٹینا کے لیونارڈو میئر کو 6-1 7-6 سے راست سٹوں میں شکست دی۔ سوئس ماسٹر ومبلڈن کے بعد سے اپنے پہلے ٹورنمنٹ میں کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے پہلی سرویس پر صرف چار پوائنٹس گنوائے اورحریف کھلاڑی ان کیخلاف ایک بھی بریک پوائنٹ حاصل نہیں کر سکے۔میئر کے پاس تیسرے سٹ تک میچ پہنچانے کا موقع ضرور آیا لیکن تجربہ کار فیڈرر نے بارش سے متاثرہ میچ جیت لیا اور اگلے راونڈ میں واورنکا کے خلاف میچ یقینی بنایا۔ اس سے پہلے بارش سے متاثرہ تیسرے راؤنڈ کے دیگر میچ میں واورنکا نے ہنگری کے مارٹن فوکسووک کو 6-4 6-3 سے شکست دے کرکوارٹر فائنل میں داخلہ حاصل کیا۔چوتھے سیڈ پوٹرو نے آسٹریلیا کے نک کرگیوس کے خلاف میچ کو 7-6 6-7 6-2 سے جیتا جبکہ گوفن نے چھٹی سیڈ کیون اینڈرسن کو 76 منٹ میں 6-2 6-4 سے شکست دی تھی۔خاتون زمرے کے مقابلوں میں خطاب کی دو مضبوط دعویدارسیمونا ہالیپ اور پٹرا کیویٹوا نے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔