فیڈرر اورجوکووچ کی پیشقدمی،نڈال دستبردار

پیرس۔ یکم نومبر (سیاست ڈاٹ کام) فرانس میں جاری پیرس ماسٹرز میں ڈومینک تھیم نے فرنچ حریف کو چاروں شانے چیت کردیا جبکہ عالمی نمبر ایک کھلاڑی رافل نڈال کی دستبرداری نے جوکووچ کے لیے دوبارہ نمبر ون بننے کا راستہ آسان کر دیا۔ پیرس میں ٹینس کا ایونٹ ٹینس ماسٹرز جاری ہے جس کے دوران پری کوارٹر فائنل میچ میں آسٹریا کے ڈومنیک تھیم روایتی حریف جائلز سائمن کے خلاف میدان میں اترے۔آسٹرین کھلاڑی نے فرنچ حریف کے خلاف 4-6 کی جیت سے فاتحانہ آغاز کیا۔ دوسرا سٹ بھی اسی سکور سے جیت کر مدمقابل کے خلاف مسلسل ساتواں میچ جیت لیا۔ دوسری جانب درجہ بندی میں پہلے مقام کی دوڑ واضح ہو گئی کیونکہ رافل نڈال کی زخمی ہونے سے دستبرداری نے سربیائی اسٹار نواک جوکووچ کے لیے دوبارہ سرفہرست آنے کی راہ ہموار کر دی۔ دیگر مقابلوں میں جرمنی کے الیگزینڈر زاوئیر، جاپانی اسٹار کائی نیشکوری اور امریکہ کے جان اسنر پری کوارٹرز فائنل میں پہنچ گئے۔ پری کوارٹرز فائنل کی لائن اپ مکمل ہو چکی ہے جس میں جرمنی کے الیگزینڈر زاوئیر نے امریکی فرانسس طائفو کو شکست دی ۔ جاپان کے کائی نیشکوری بھی کامیاب رہے انہوں نے فرانس کے ایڈریان کو راست سٹوں میں شکست دی۔ امریکہ کے جان اسنر نے قازقستان کے میخائل کو ناکامی سے دوچار کیا۔راجر فیڈرر کو ایونٹ کے دوسرے مرحلے کے مقابلے میں کینیڈا کے اسٹار کھلاڑی میلوس راؤنک کا سامنا کرنا تھا لیکن ان کی مقابلے سے دستبرداری سے فیڈرر کوبغیر مقابلے کے ہی تیسرے مرحلے میں رسائی کا موقع مل گیا۔