فیڈررکی ہندوستانی ٹیم کی حمایت کرنے پرمعذرت

دبئی ۔24 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سوئس ٹینس اسٹار راجر فیڈرر نے رواں ورلڈ کپ میں ہندوستانی ٹیم کی حمایت کرنے پر معذرت کی ہے۔ فیڈرر کے بموجب یہ نادانستہ طورپر ہوا ہے اور تشہیری مہم کا حصہ تھا۔ واضح رہے کہ ہند۔پاک میچ سے قبل فیڈرر نے ہندوستانی ٹیم کی بلیو جرسی کے ساتھ تصویر سوشل میڈیا پر جاری کی تھی۔ سابق عالمی نمبر ایک نے اس بارے میں وضاحت کی ہے کہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم اور میری اسپانسر کمپنی ایک ہی ہے، میں نے چند ہفتے قبل ہندوستان کا دورہ کیا تھا اور چند کرکٹر ز کے ساتھ ملاقات بھی کرچکا ہوں اس لیے مذکورہ کمپنی نے ورلڈ کپ کی شرٹ مجھے ارسال کی۔ یہ صرف اتنی سی بات ہے، میں کسی تلخی میں الجھنا نہیں چاہتاجو کچھ ہوا اس پر معافی چاہتا ہوں۔ پوری دنیا جانتی ہے کہ میں جنوبی افریقی ٹیم کا پرستار ہوں۔