فیڈررڈیوس کپ کامیابی کے خواہاں

پیرس۔11ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) راجرفیڈرر پہلی مرتبہ اٹلی کے خلاف جنیوا میں اس ہفتہ کے اواخر کھیلے جانے والے ڈیوس کپ مقابلوں میں سوئزرلینڈ کی نمائندگی کرنے کے علاوہ ٹیم کو فتوحات دلوانے کے خواہاں ہیں ۔ 17مرتبہ کے گرانڈ سلام چمپئن فیڈرر اپنے کریئر میں ٹینس کے تقریباً تمام بڑے اعزازات اور خطابات حاصل کرچکے ہیں تاہم وہ اولمپکس میںسنگلس کا گولڈ میڈل اور ڈیوس کپ خطاب حاصل نہیں کرپائے ہیں ۔ فیڈرر اپنے بہترین دوست اور آسٹریلین اوپن چمپئن اسٹانسلس واورنکا کے ہمراہ سوئزرلینڈ کے لئے خطاب حاصل کرنے کے خواہاں ہیں اوریہ ان کے لئے ایک سنہری موقع ہوگا کیونکہ مستقبل میں شاید اس طرح کا موقع حاصل نہ ہو ۔ اٹلی کے خلاف کامیابی کے ذریعہ سوئزرلینڈ فائنل میں رسائی حاصل کرسکتا ہے جہاں وہ 21تا 23نومبر فرانس یا دفاعی چمپئن چک جمہوریہ کے خلاف خطابی مقابلہ کھیل سکتا ہے ‘ جیسا کہ فرانس اور چیک جمہوریائی ٹیمیں سیمی فائنل میں ایک دوسرے مدمقابل ہورہی ہیں ۔یو ایس اوپن کے سیمی فائنل میں چیک جمہوریائی کھلاڑی مارین سیلک کے خلاف شکست کے باوجود ڈیوس کپ میں بہتر مظاہرہ پر اپنی توجہ مرکوز کرنے کا فیڈرر نے اشارہ دیا ہے ۔ فیڈرر کا کہنا ہے کہ اٹلی کے خلاف یقیناً ہمیں پسندیدہ موقف حاصل ہے اور یہ ہمیشہ سے خوشگوار احساس ہوتاہے ۔ علاوہ ازیں سوئزرلینڈ میں 18ہزار عوام کامیابی کی خواہاں ہیں اور یہ ہمارے لئے ایک اہم بات ہے ۔