سلون اور سویٹولینا کا خطابی مقابلہ
سنگاپور،باسل۔28 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) خواتین زمرے میں سال کے اختتامی ٹینس ایونٹ ڈبلیو ٹی اے فائنلز میں امریکی کھلاڑی سلون اسٹیفنز اور ایلینا سویٹولینا نے فائنل میں رسائی حاصل کرلی جبکہ سوئس اسٹار راجر فیڈرر نے بھی سوئس انڈورٹینس ٹورنمنٹ کے فیصلہ کن مقابلے میں رسائی حاصل کرلی ہے ۔ ڈبلیو ٹی اے فائنلز کے سیمی فائنلز میں امریکہ کی سلون اسٹیفنز نے چیک جمہوریہ کی کیرولینا پلسکووا کو 0-6،6-4 اور 6-1 سے شکست کر فائنل میں جگہ بنائی جہاں ان کا سامنا یوکرین کی ایلینا سویٹولینا سے ہوگا جنہوں نے ہالینڈ کی ککی برٹینز کو 7-5،6-7 اور 6-4 سے شکست دی ۔ سوئٹزرلینڈ میں جاری سوئس انڈورز ٹینس کے سیمی فائنل مرحلے میں ٹاپ سیڈ سوئس اسٹار راجر فیڈرر نے نمبر سات سیڈ روسی حریف ڈینیئل میڈیڈیو کو 6-1 اور 6-4 سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی جن کا ٹرافی کیلئے مقابلہ رومانیہ کے ماریوس کوپیل سے ہوگا ۔دوسرے سیمی فائنل میں کوپیل نے نمبر دو سیڈ جرمن حریف الیگزینڈر زویریو کو 6-3، 6-7 اور 6-4 سے حیران کن شکست دی۔علاوہ ازیں آسٹریا میں جاری ویانا اوپن کے سیمی فائنل مرحلے میں نمبر دو سیڈ جنوبی افریقہ کے کیون اینڈرسن نے اسپین کے فرنینڈو وارڈاسکو کیخلاف 6-3،3-6 اور 6-4 سے کامیابی کی بدولت فائنل میں قدم رکھ دیا جہاں ان کا سامنا نمبر پانچ سیڈ جاپان کے کائی نشیکوری سے ہوگا جنہوں نے قازقستان کے میخائیل کوکوشکن کو 6-4 اور 6-3 سے شکست دی۔