میامی ۔ 27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جاپان کے ٹینس اسٹار کائی نشیکوری نے سونی اوپن کا حیران کن نتیجہ دیتے ہوئے شاندار فام میں موجود راجر فیڈرر کو 3-6 ، 7-5 ، 6-4 سے شکست دیتے ہوئے دوسری مرتبہ اے ٹی پی ماسٹرس 1000 کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی ہے جہاں ان کا مقابلہ سربیائی ٹینس اسٹار نواک جوکووچ سے ہوگا جنہوں نے برطانوی کھلاڑی اینڈی مرے کو 7-5‘ 6-3 شکست دی ہے۔ نشیکوری نے متواتر دوسری مرتبہ راجر فیڈرر کو شکست دی ہے حالانکہ فیڈرر نے کوارٹر فائنل مقابلہ کا بہتر آغاز کرتے ہوئے پہلا سیٹ باآسانی اپنے نام کرلیا تھا۔ دو گھنٹے 8 منٹ طویل اس مقابلہ میں فیڈرر پہلی مرتبہ رات میں اپنا مقابلہ کھیل رہے تھے
اور رات کے موسمی حالات کی وجہ سے انہیں اپنا کھیل برقرار رکھنے میں دشواری ہورہی تھی۔ بیس لائن سے فیڈرر کا مظاہرہ بہتر تھا۔ تاہم وہ تیز ہواؤں کے موسم میں اپنی سرویس برقرار رکھنے میں ناکام ہورہے تھے۔ فیڈرر نے دوسرے سیٹ میں ایک موقع پر 2-1 اور 4-3 کی سبقت بھی بنا لی تھی لیکن نشیکوری نے فوراً دونوں مرتبہ ہی فیڈرر کی سرویس توڑتے ہوئے سیٹ اور مقابلہ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی۔نشیکوری کیلئے یہ پہلا موقع ہے کہ انہوںنے ایک ہی ٹورنمنٹ میں سرفہرست 10 کھلاڑیوں میں شامل دو کھلاڑیوں کو شکست دی ہو۔