لندن ، 7 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ومبلڈن اوپن میں راجر فیڈرر، اینڈی مرے، اسٹانسلاس واورنکا، ماریا شاراپوا اور سرینا ولیمز نے اپنے اپنے میچز جیت کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ یہاںجاری سال کے سب سے بڑے ٹینس مقابلے میں 17 مرتبہ کے گرانڈ سلام چمپئن عالمی نمبر دو فیڈرر نے اسپین کے رابرٹو بیٹسٹا کو سیدھے سٹوں میں شکست سے دوچار کیا۔ فیڈرر نے بیٹسٹا کو 6-2، 6-2، 6-3 سے باآسانی ڈیڑھ گھنٹے میں ہرا کر 13ویں مرتبہ ومبلڈن کے کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا جہاں ان کا سامنا فرانس کے جائلز سائمن سے ہو گا جنہوں نے جمہوریہ چیک کے ٹامس برڈیچ کو 6-3، 6-2، 6-3 سے زیر کر کے آخری آٹھ کھلاڑیوں میں جگہ بنائی۔ برطانیہ کے مرے نے کروشیا کے ایوو کارلووک کو 7-6، 6-4، 5-7، 6-4 سے ہرا کر کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کی۔ 2013ء کے ومبلڈن چمپئن نے لگاتار آٹھویں سال ومبلڈن کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی جہاں ان کا مقابلہ کناڈا کے وسیک موسپیسل سے ہو گا جنہوں نے سربیا کے وکٹر ٹروئیکی کو سخت مقابلے میں 4-6، 6-7، 6-4، 6-3، 6-3 سے شکست دی۔ اس کے علاوہ کروشیا کے مارلن سیلس، سوئٹزرلینڈ کے واورنکا اور فرانس کے رچرڈ گیسکوئٹ نے بھی اپنے اپنے میچز جیت کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ ادھر خواتین کے مقابلوں میں روس کی شاراپوا قازقستان کی زرینا ڈیاس کو سیدھے سٹوں میں 6-4، 6-4 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل راؤنڈ میں جگہ بنا لی۔ عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز اپنی بہن وینس ولیمز کو باآسانی 6-3، 6-4 سے زیر کر کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں جبکہ ڈنمارک کی کیرولین ووزنیاکی کو اسپین کی گاربک مگوروزا کے ہاتھوں 6-4، 6-4 سے غیرمتوقع شکست کھا کر ایونٹ سے باہر ہو گئیں۔