فیڈرر، اینڈی کی جیت ، ٹورنمنٹ سے دستبرداری ریکارڈ ہوگئی

نیویارک ، 2 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) پانچ مرتبہ کے چمپئن روجر فیڈرر اور 2012ء کے ونر اینڈی مرے گزشتہ روز یو ایس اوپن سکنڈ راؤنڈ تک پہنچ گئے جبکہ چلچلاتی دھوپ نے فرسٹ راؤنڈ میں ہی ریٹائرمنٹس لینے والوں کی تعداد کو ریکارڈ 10 تک پہنچا دیا ہے۔ سکنڈ سیڈ فیڈرر نے ارجنٹینا کے عالمی نمبر 34 لیونارڈو میئر کو آرتھر ایش اسٹیڈیم میں محض 77 منٹ میں 6-1، 6-2، 6-2 سے چلتا کردینے میں بہت کم مشکل پیش آئی۔ 34 سالہ سوئس اسٹار جو نیویارک میں 45 سال میں سب سے زیادہ عمر والا چمپئن بننے کوشاں ہیں، انھوں نے 12 ایسس فائر کئے، 29 ونرز لگائے اور چھ مرتبہ سرویس بریک کی۔ فیڈرر نے کہا، ’’مجھے اب اچھا محسوس ہورہا ہے۔ میں درحقیقت گزشتہ روز زیادہ پُراعتماد نہیں تھا۔ مجھے بس ایسا محسوس ہورہا تھا کہ شاید یہ ایسے میچوں میں سے ہوسکتا ہے جس کا میں اندازہ نہیں کرسکا تھا‘‘۔ 17 مرتبہ کے گرانڈ سلام چمپئن کو بلجیم کے اسٹیو ڈارکیز کا سامنا کرنا ہے، جنھیں اگلے مرحلے میں جگہ دے دی گئی

جب قبرص کے ویٹرن مارکوس بغداتیس گروئن انجری کے ساتھ ریٹائر ہوگئے۔ یہ فرسٹ راؤنڈ میں مینس ایونٹ میں 10 واں ریٹائرمنٹ ہوا؛ ویمنس سیکشن میں بھی دو دستبرداریاں ہوئی ہیں۔ تھرڈ سیڈ مرے نے نک کرگیوس کو 7-5، 6-3، 4-6، 6-1 سے شکست دی، جو آسٹریلیائی حریف کے خلاف چار مقابلوں میں اُن کی چوتھی اور رواں سال تین گرانڈ سلام میچوں میں تیسری جیت ثابت ہوئی۔ برطانوی اسٹار جنھوں نے 2010ء سے ہر سال نیویارک میں کم از کم کوارٹر فائنلس تک رسائی حاصل کی، وہ آگے بڑھ کر فرانس کے اڈریان منارینو سے کھیلیں گے۔ عالمی نمبر 37 کرگیوس اس امکان کے ساتھ خارج ہوئے ہیں کہ انھیں مرے سے دوبارہ اس ماہ کے اواخر ڈیوس کپ سیمی فائنلس میں سامنا ہوسکتا ہے۔ مرے نے اپنے رات کے میچ کے بعد کہا: ’’یہ مشکل رہا، بہت مرطوب۔ مجھے کافی دوڑ لگاتے ہوئے دفاع کرنا پڑا‘‘۔ کرگیوس کے ڈیوس کپ ٹیم ساتھی تھناسی کوکیناکیز بھی ناک آؤٹ ہوگئے، جب وہ فرانسیسی 12 ویں سیڈ رچرڈ گاسکٹ کے خلاف پانچویں سٹ میں ایک پیر سے کھیلنے پر مجبور ہوکر سبکدوش ہوگئے۔ وہ 30 ڈگری کی حرارت میں لگ بھگ تین گھنٹے کھیلنے کے بعد 4-6، 6-1، 4-6، 6-3، 2-0 سے ہارے۔دوشنبہ کو چھ مرد کھلاڑیوں کی سبکدوشی کے بعد منگل کو زخمی ہوکر ٹورنمنٹ سے دستبردار ہونے والوں میں کوکیناکیز ، بغداتیس، ارنیسٹ گلبیز اور قازقستان کے الیگزینڈر نیڈو ویسوف شامل ہوگئے ۔ کوکیناکیز نے کہاکہ یہ صورتحال بہت ہی مایوس کن ہے کیونکہ میں اچھی ٹینس کھیلنے لگا تھا اور میں پرجوش انداز میں آگے بڑھنے کی کوشش کررہا تھا

لیکن ایسے وقت کرامپس سے دوچار ہوگیا اور مجھے میچ سے دستبردار ہونا پڑا۔ نیڈوویسوف سابق چمپئن لیٹن ہویٹ کے مقابل 6-0، 7-6 (7/2)، 1-0 سے ہارے جب کہ انھوں نے دائیں کندھے میں زخم کے سبب میچ روک دینے کی درخواست کی ۔ ہویٹ جو اپنا آخری یو ایس اوپن کھیل رہے ہیں وہ آخری 32 کے مرحلے میں مقام کیلئے ہموطن برنارڈ ٹامچ سے مقابلہ کریں گے ۔ 24 سیڈ ٹامچ نے بوسنیا کے دمیر زومر کو 5-7، 7-6(7/4) ، 6-4 ، 6-3 سے شکست دی ۔ پانچویں سیڈ اور 2013 ء کے سیمی فائنلسٹ اسٹان واورینکا نے اسپین کے البرٹ راموس وینولیس کے مقابل 7-5، 6-4، 7-6(8/6) کی کامیابی کے ذریعہ اگلے راؤنڈ میں رسائی حاصل کی ۔ فرنچ اوپن چمپئن واؤرینکا اگلے مقابلے میں جنوبی کوریائی کم عمر کھلاڑی چونگ ہیون سے کھیلیں گے ۔ جاپان نے بھلے ہی دوشنبہ کو چوتھے سیڈ کائی نشی کوری کو کھودیا لیکن 19 سالہ یوشی ہیتو نشی اوکا نے کچھ قومی افتخار بحال کرتے ہوئے اپنے ساتھی کوالیفائر فرانس کے پان ہینری میتھیو کے مقابل 6-4، 2-6، 6-7(7/9) ، 6-1 ، 6-2 سے ہرایا ۔ ویمنس سیکشن میں لوسی سفاروا سیڈیڈ کھلاڑیوں کی شکست والی فہرست میں شامل ہوگئیں اور اس طرح ٹاپ 10 کی کھلاڑیوں میں ناکام ہونے والی چوتھی کھلاڑی بن گئیں۔ چھٹی سیڈسفاروا 6-4، 6-1 سے یوکرین کی لیزیا سورنکو کے مقابل ہارگئیں۔ عالمی نمبر 2 سیمونا ہالیپ ، آسٹریلیا کی سمنتھا استھوسر ٹورنمنٹ کے اگلے مرحلے میں پہونچنے والوں میں شامل ہیں۔