فیڈرر،نڈال،جوکووچ اور مرے کے بغیر آج ڈیوس کپ کا آغاز

پیرس، یکم فروری (سیاست ڈاٹ کام) دفاعی چمپئن فرانس کل شروع ہو رہے ڈیوس کپ ٹینس ٹورنمنٹ میں ہالینڈ کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گا جبکہ ریکارڈ 32 مرتبہ کے چمپئن امریکہ کا مقابلہ سربیا سے ہوگا۔جمعہ سے اتوار تک چلنے والے اہم ڈیوس کپ مقابلوں میں اگرچہ اس مرتبہ کئی بڑے کھلاڑی نہیں رہیں گے اور اپنی ٹیموں کی جانب سے پہلے راؤنڈ کے مقابلوں میں کھیلنے نہیں اتریں گے ۔آسٹریلین اوپن چمپئن راجر فیڈرر اور ہم وطن اسٹنسلاس واورنکا سوئٹزرلینڈ اور قازقستان کے درمیان ڈیوس کپ مقابلے میں نہیں کھیلیں گے ۔ دونوں سوئس کھلاڑیوں کا2014 میں اپنے ملک کی خطابی جیت میں اہم کردار رہا تھا۔اس کے علاوہ سربیا کے نوواک جوکووچ بھی امریکہ کے خلاف اپنے گھریلو میدان پر ہو رہے ڈیوس کپ مقابلے میں کھیلنے نہیں اتریں گے ۔اسپین کے رافل نڈال اور اینڈی مرے بھی اسپین اور برطانیہ کے درمیان ہونے والے ڈیوس کپ میچ میں اپنی اپنی ٹیموں سے نہیں کھیلیں گے ۔دنیا کے تیسرے نمبر کے کھلاڑی اور میلبورن میں رنر اپ رہے مارن سلچ اگرچہ کینیڈا کے خلاف گھریلو مقابلے میں اپنی قومی ٹیم کروشیا کی قیادت کریں گے ۔سلچ اگر اس ہفتے ہونے والے مقابلے میں اپنے تینوں میچ جیت جاتے ہیں تو وہ آئیون جبسس کے ڈیوس کپ میں سب سے زیادہ میچ جیتنے کے کسی کروشیائی کھلاڑی کے ریکارڈ کی برابري بھی کر لیں گے ۔ان کے ڈبلز اور سنگلز میں شکست جیت کا ریکارڈ 33۔16 رہا ہے ۔