فیوگو آتش فشاں سے لاوے اور راکھ کا اخراج، سینکڑوں خاندانوں کی نقل مکانی

گوئٹے مالا سٹی ۔ 19 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) گوئٹے مالا کے حکام نے پیر کے روز فیوگو آتش فشاں کے پھٹ پڑنے کے بعد ریڈالرٹ جاری کیا ہے جس کے بعد آس پاس رہنے والے 200 خاندانوں کو نقل مکانی پر مجبور ہونا پڑا۔ جاریہ سال آتش فشاں پھٹنے کا یہ پانچواں واقعہ ہے جس سے خارج ہونے والی راکھ اور لاوا جان لیوا ثابت ہوئے ہیں۔ جاریہ سال 3 جون کو بھی لاوے، گیاسیس اور راکھ کا اخراج اتنا خطرناک تھا کہ اس میں 200 افراد ہلاک اور 235 افراد لاپتہ ہوگئے تھے۔ دریں اثناء گوئٹے مالا کی ڈیساسٹر مینجمنٹ ایجنسی CONRED کے ترجمان ڈیوڈ لیون نے بتایا کہ فیوگو آتش فشاں پہاڑ کے ڈھلانوں میں رہنے والے 214 خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے جس کے بعد مزید افراد کو بھی آتش فشاں کے علاقہ سے ہٹایا جائے گا۔