فیول قیمتوں پر راجیہ سبھا میں سی پی ایم کی تحریک

نئی دہلی 9 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) راجیہ سبھا میں سی پی ایم نے فیول قیمتوں میں کمی کیلئے ایک دستوری تحریک پیش کی ہے جس سے ایوان بالا میں برسر اقتدار بی جے پی کی طاقت کا امتحان ہوسکتا ہے ۔ حکومت کو کل ہی مرکزی وزیر سادھوی نرنجن جیوتی کے متنازعہ ریمارکس پر تنازعہ سے راحت ملی ہے ۔ حکومت نے حال ہی میںفیول پر اکسائز ڈیوٹی میں اضافہ کیا ہے اور بائیں بازو کی جماعتوں کا اصرار ہے کہ اکسائز ڈیوٹی میں کمی کی جائے ۔ راجیہ سبھا میں سی پی ایم لیڈر سیتارام یچوری نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ پر رائے دہی کرواتے ہوئے تمام جماعتوں کو اس حساس مسئلہ پر اپنے موقف واضح کرنے پر مجبور کیا جائیگا ۔ انہوں نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دستوری تحریک پر فیصلہ ہونا چاہئے ۔ یا تو وہ ( یچوری ) اس سے دستبرداری اختیار کریں یا پھر ایوان میں اسے مسترد کردیا جائے ۔ ایسا رائے دہی کے ذریعہ کیا جانا چاہئے ۔ راجیہ سبھا میں حکومت کو اکثریت حاصل نہیں ہے اور اپوزیشن جماعتیں اکثر کئی اہم مسائل پر حکومت کو اس کی عددی کمزوری کی وجہ سے نشانہ بنانا چاہتی ہیں۔ مسٹر یچوری نے کہا کہ بین الاقوامی مارکٹ میں تیل کی قیمتوں میں جو گراوٹ آئی ہے اگر اس کے فوائد حکومت راست صارفین پر منتقل کردے تو پھر پٹرول کی قیمت فی لیٹر 40 روپئے اور ڈیزل کی قیمت فی لیٹر 35 روپئے کے آس پاس ہوسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی نے جنتادل یو اور سماجوادی پارٹی کے ساتھ مل کر انشورنس بل پر ایوان کی سلیکٹ کمیٹی رپورٹ پر بھی اپنی ناراضگی پر مشتمل ایک نوٹ پیش کیا ہے ۔ یہ بل اسی وقت پیش ہوسکتا ہے جب کانگریس اس کی تائید کرے ۔