فینانس کمپنیوں کے ذریعہ گاڑیاں دلانے کا جھانسہ دینے والا شخص گرفتار

فرضی دستاویزات کی تیاری ، مکاندار کو بھی پریشانی کا سامنا
حیدرآباد /22 جنوری ( سیاست نیوز ) فرضی شناختی کارڈز غلط مکان نمبر پر دستاویزات کے ذریعہ بے روزگار افراد کو دھوکہ دینے والے شخص کو راجندر نگر پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ اس دھوکہ باز شخص کو گرفتار کرنے کے بعد بھی اس مکان مالک کی پریشانیوں میں کمی نہیں ہوئی ۔ جہاں سے اس نے اپنا شناختی کارڈ اور دیگر ضروری دستاویزات تیار کئے ۔ راجندر نگر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چنچل گوڑہ علاقہ کے ساکن خالد احمد عرف معزالدین کو گرفتار کرلیا جو اپر پلی علاقہ میں مبینہ طور پر ایک دفتر قائم کرتے ہوئے بے روزگار افراد کو مبینہ طور پر اس بات کی پیشکش کررہا تھا کہ وہ کیابس ( موٹر گاڑیوں ) میں سرمایہ کاری کریں تو بہترین منافع حاصل ہوگا ۔ سب انسپکٹر راجندر نگر مسٹر نرسمہا ریڈی نے یہ تفصیلات بتائی ۔ سب انسپکٹر نے بتایا کہ خالد نے عوام کو اس بات کا دھوکہ دیا کہ مہندرا فینانس کمپنی سے اسکے بہترین تعلقات ہیں اور اگر 2 لاکھ روپئے ادا کریں گے تو وہ فینانس پر شوروم کی گاڑی دلائے گا اور اس کی ادائیگی تک بہترین منافع اور کاروبار کا خود ہی انتظام کرے گا ۔ اس نے ویریٹو گاڑی کا جھانسہ دیا اور اس نے ایک خاتون ریسپشنسٹ اور ایک خاتون کو مقرر کیا تھا اور اس خاتون کی فرضی شناخت بھی تیار کرلی تھی اور یہ تمام شناختی کارڈس تاڑبن کالاپتھر علاقہ کی ساکن زیب النساء بیگم کے مکان کے پتہ پر حاصل کئے ۔ خالد نے جن افراد سے دھوکہ کیا تھا اور اس تعلق سے جہاں جہاں شکایت درج کروائی گئی تھی ۔ پولیس اور عوام اس خاتون کے مکان پر پہونچ رہے ہیں ۔ جس کے سبب انہیں کافی تکلیف و مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ زیب النساء بیگم کے افراد خاندان نے عوام الناس سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے گھر کے پتہ پر شناختی کارڈز کی جانچ کرلیں ۔ چونکہ سرکاری ایجنسیوں پر بھروسہ نہیں کیا جاسکتا ۔ یہ بات ان کے علم میں نہیں تھی کہ ان کے مکان کے پتہ پر فرضی شناخت حاصل کرلی گئی ۔ لہذا انہوں نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے مکان نمبر پر موجودہ شناختی کارڈ ( فوٹو شناختی کارڈز ) کی جانچ کرلیں ۔ اس سلسلہ میں راجندر نگر پولیس نے بتایا کہ خالد کے خلاف 110 افراد کو دھوکہ دینے کی شکایت ہے ۔ تاہم 7 افراد ایسے ہیں جنہوں نے گیارہ لاکھ 50 ہزارت روپئے جمع کروائے ہیں ۔