حیدرآباد /9 جولائی ( سیاست نیوز ) فینانسر کی مبینہ ہراسانی سے تنگ آکر ایک آئی ٹی ملازم نے خودکشی کرلی ۔ یہ واقعہ میرپیٹ پولیس حدود میں پیش آیا جہاں 20 سالہ بی سندیپ نے کل رات پھانسی لے لی ۔ سندیپ کو ایک فینانسر مبینہ طور پر پریشان کر رہا تھا ۔ سندیپ نیو برنداون کالونی کے ساکن بالراج کا بیٹا تھا ۔ اس نے ایک فینانسر سے قرض لیا تھا اور قرض کی رقم واپس ادا نہ کرنے کی صورت میں فینانسر نے اس کی موٹر سائیکل چھین لی تھی اور پریشان کر رہا تھا جس سے تنگ آکر اس نے خودکشی کرلی ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔
خاتون اور نومولود کی نعشیں برآمد
حیدرآباد /9 جولائی ( سیاست نیوز ) گولکنڈہ پولیس نے شیخ پیٹ کے علاقہ سے ایک خاتون اور نومولود کی نعشوں کو برآمد کرلیا ۔ اس واقعہ کے بعد شیخ پیٹ علاقہ میں سنسنی پھیل گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک 20 سالہ خاتون جس کی شناخت نہیں ہوپائی ہے ۔ شیخ پیٹ نالے میں مردہ دستیاب ہوئی ۔ جبکہ اس خاتون کی نعش کے قریب ایک اور نومولود کی نعش بھی پولیس کو دستیاب ہوئی ۔ پولیس کو شبہ ہے کہ زچگی کے بعد ماں اور بچہ دونوں فوت ہوجانے کے بعد ان کی نعشوں کو پھینک دیا گیا ہوگا ۔ اس خصوص میں انسپکٹر گولکنڈہ محمد منور نے بتایا کہ پولیس نے خاتون کی شناخت کیلئے کوششوں کا آغاز کردیا ہے اور ہر زاویہ سے کیس کی تحقیقات جاری ہے ۔ پولیس آس پاس کے ہاسٹلس میں پوچھ تاچھ کر رہی ہے ۔