دگنی رقم ادا کرنے کے باوجود قرض باقی ، رشتہ داروں کا الزام
حیدرآباد ۔ 11 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : پرانے شہر کے علاقہ میں فینانسروں کی سرگرمیاں پولیس کے لیے چیالنج بنتی جارہی ہیں ۔ رقم وصولی کے معاملہ میں فینانسرسوں کی غنڈہ گردی کی کوئی انتہا نہیں رہی ۔ کل رات دیر گئے چھتری ناکہ علاقہ میں اسی طرح کہ واقعہ میں فینانسروں نے ایک شخص کے مکان میں داخل ہو کر شدید زد و کوب کردیا ۔ فینانسروں کے حملہ میں زخمی عبدالمجید پٹیل کوما میں چلا گیا جس کا علاج نمس میں جاری ہے ۔ چھتری ناکہ پولیس اور زخمی شخص کے رشتہ داروں نے حملہ کی وجہ کو رقمی لین دین بتایا اور فینانسروں پر الزام عائد کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 37 سالہ عبدالمجید پٹیل قادری چمن کا ساکن ہے ۔ جو مدینہ مارکٹ پتھر گٹی کے علاقہ میں واقعہ ایک کپڑے کی دکان میں کام کرتا ہے ۔ اس شخص نے دو لاکھ روپئے قرض لیا تھا ۔ زخمی کے رشتہ داروں نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ 2 لاکھ قرض لینے کے بعد پٹیل نے دوگنی رقم ادا کردی تھی تاہم باوجود اس کے مزید رقم ادا کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جارہا تھا ۔ دو دن قبل بھی بحث و تکرار شور شرابے کے بعد دھمکیاں دی گئیں تھیں جس کے سبب 25 ہزار روپئے طلائی زیورات فروخت کر کے ادا کئے گئے تاہم پھر دباؤ بڑھ گیا ۔ رشتہ داروں کے الزامات کے مطابق کل رات تقریبا 2 بجے دو افراد ریاست اور خالد اس کے مکان پہونچے اور انہیں گھسیٹے ہوئے مکان سے باہر نکالا اور شدید زد و کوب کیا اس مار پیٹ میں مجید پٹیل شدید زخمی ہو کر کوما میں چلا گیا ۔۔