فیلڈینگ اور فٹنس شکست کی اصل وجوہات:آرتھر

دبئی ۔3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں بدترین شکست کے ذمہ دار فٹنس اور فیلڈنگ کو قرار دیا۔متحدہ عرب امارات سے واپسی کے بعد ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف ہماری فیلڈنگ اور فٹنس معیاری نہیں تھی، اس کی وجہ یہ ہے کہ نئے آنے والے کھلاڑی ہمارے معیار سے آگاہ نہیں تھے، تاہم ہم نے ان کھلاڑیوں کے ساتھ کافی کام کیا ہے۔ بطور ٹیم شکست سے ہمیں نفرت ہے، شکست کا لفظ ہماری لغت میں نہیں جبکہ 0-5 سے شکست کو تسلیم کرنا بہت ہی مشکل ہے۔ تاہم ہیڈ کوچ نے کہا کہ ورلڈکپ جیتنے کا وعدہ نہیں کرتا تاہم اتنا یقین دلاتا ہوں کہ عالمی ایونٹ کے لیے بہترین اسکواڈ تیارکریں گے جو ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرے گا اور یقین دلاتا ہوں کہ ہم اپنی صد فیصد کارکردگی دکھائیں گے۔مکی آرتھر نے کہا کہ مجھے ان کھلاڑیوں پر بہت بھروسہ ہے، انہوں نے گزشتہ سال میں بہت محنت کی ہے۔ پاور ہٹنگ اور ڈیتھ بولنگ میں بہت کام کی ضرورت ہے۔ ورلڈ کپ کی تیاری میں میچز کے نتائج کو نہ دیکھیں، ہم اپنی بہترین تیاری کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں وائٹ واش کے باوجود مکی آرتھر نے ٹیم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا تھا۔ دبئی میں مہمانکے خلاف عبرتناک وائٹ واش کے بعد میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کے دوران مکی آرتھر نے کہا ہم انگلینڈ میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ سے قبل اپنے کھلاڑیوں کو آرام کروانا چاہتے تھے۔ یہاں ہمارے بارے میں بڑے کھلاڑیوں کو آرام دینے کی بحث ہوگی، تاہم ہمیں ایسا کرنا تھا اور ورلڈ کپ سے قبل اپنے دیگر کھلاڑیوں کو بھی موقع دینا تھا جو ڈومیسٹک اور لسٹ اے کرکٹ میں بہترین مظاہرہ کیا ہے۔