نئی دہلی ۔ 13 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سنیل گواسکر نے آج کہا ہیکہ ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی کو انگلینڈ کے خلاف حالیہ منعقدہ سیریز جس میں مہمان ٹیم کو 1-4 کی شکست ہوئی ہے، سے فیلڈنگ کی سجاوٹ اور بولروں کی تبدیلی سیکھنا ہوگا۔ گواسکر نے کہا کہ سیزن کے اوائل جنوبی افریقہ اور اب انگلینڈ میں ہم نے دیکھا ہیکہ فیلڈنگ کی صحیح سجاوٹ اور بولروں کا درست استعمال سیریز میں نتائج مختلف فراہم کرسکتا تھا اور یہ دو نکات کوہلی کو سیکھنے ہیں۔ انڈیا ٹوڈے نیوز چینل سے اظہارخیال کرتے ہوئے گواسکر نے کہاکہ کوہلی کو ہنوز بہت کچھ سیکھنا ہے۔ دریں اثناء روی شاستری کی جانب سے گذشتہ 15 برسوں میں بیرونی دورے کرنے والی ہندوستان کی موجودہ ٹیم کو سب سے بہترین قرار دینے کے ضمن میں گواسکر نے کہا کہ فی الحال اس موضوع پر گفتگو کرنا غلط وقت پر اظہارخیال کرنا ہوگا کیونکہ سیریز میں شکست سے کوہلی پہلے ہی مایوس ہوں گے۔ تاہم روی شاستری کا خیال دراصل ماضی کی ٹیموں کی بے عزتی کرنا نہیں تھا بلکہ وہ اپنی ٹیم کی کھلاڑیوں کا حوصلہ بلند کرنا چاہتے تھے۔