ممبئی 23 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کی ایک دو رکنی ٹیم نے یہاں ممبئی میں کوپریج فٹبال گراونڈ کا دورہ کرتے ہوئے معلومات حاصل کیں۔ یہاں مصنوعی میدان بچھایا گیا ہے جس کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ اس کے علاوہ یہاں دوسری سہولیات کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ 2017 میں ہونے والے انڈر 17 ورلڈ کپ کے انعقاد کیلئے منتخب کردہ 8 مقامات کے مشاہدہ کے طور پر یہ دورہ کیا گیا ہے ۔ فیفا کے ڈائرکٹر برائے مسابقت آناکی الواریز اور کمپٹیشن مینیجر وجئے پارتا سارتھی نے کوپریج پر فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے یہاں فراہم کردہ سہولیات پر اطمینان کا اظہار بھی کیا ہے ۔ وجئے پارتا سارتھی نے کہا کہ گراونڈ بہت اچھا ہے ۔ تاہم فیفا کو مزید کچھ وقت درکار ہے تاکہ ہم ان مقامات کا تعین کرسکیں۔
انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے مزید دو مراکز کا بھی مشاہدہ کیا ہے جن میں مہاراشٹرا میں ( پونے کے مقام پر ) ایک باقاعدہ فٹبال اسٹیڈیم بھی شامل ہے ۔ وہ بھی بہت اچھے رہے ہیں۔ ہر مقام ایک سے مختلف ہے اور یہاں ورلڈ کپ کے انعقاد کیلئے اچھی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ اس ٹیم نے پونے کے بالے واڑی اسٹیڈیم کے علاوہ نوی ممبئی میں ڈاکٹر ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم کا بھی دورہ کیا ہے ۔ الواریز نے تاہم کہا کہ وہ فی الحال ابھی اس موقف میں نہیں ہے کہ یہ کہہ سکے کہ کس شہر کو میچس کے انعقاد کیلئے منتخب کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال ہم تیاریاں دیکھ ریہ ہیں۔ ہم واپس جائیں گے اور اپنی رپورٹس پیش کرینگے ۔ ایسے میں وہ فی الحال کچھ بھی کہنے کے موقف میں نہیں ہیں۔ یہ دونوں فیفا نمائندے گوا میں فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لینے کے بعد آج صبح ہی ممبئی اوپس آئے تھے اور ویسٹرن انڈین فٹبال اسوسی ایشن کے سی ای او ہینری مینیزیس اور سکریٹری سوٹر واز نے انہیں یہاں فراہم کردہ سہولیات کی تفصیلات سے واقف کروایا ۔