ہندوستان میں فٹبال کی ترقی کیلئے انفانیٹینو کے ساتھ تعاون کا عہد
ریورخ۔ 27 فروری (سیاست ڈاٹ کام) آل انڈیا فٹبال فیڈریشن کے سربراہ پرفل پٹیل نے فٹبال اسوسی ایشنسوں کے بین الاقوامی فیڈریشن (فیفا) کے نئے سربراہ جیانی انفانیٹنو کے ساتھ ثمرآور تعلقات کے قیام کے ذریعہ اپنے ملک میں اس کھیل کے فروغ کیلئے کام کرنے کی اُمید ظاہر کی ہے۔ سوئس ۔ اطالوی انفارنٹینو نے گزشتہ روز اپنے ایشیائی حریف اور بحرین کے شہزادہ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ کو بھاری اکثریت سے شکست دی تھی اور رشوت ستانی و بدعنوانیوں سے بری طرح داغدار فٹبال کے اس عالمی ادارہ میں ایک نئے دور کے آغاز کیلئے قیادت کرنے کا عہد کیا تھا۔ پرفل پٹیل نے فیفا کے غیرمعمولی اہم اجلاس میں ہندوستان کی نمائندگی کی اور نئے صدر کو ان کے انتخاب کے بعد مبارکباد دی۔ رشوت ستانی اور بدعنوانیوں کے سنگین الزامات کے سبب سبکدوش صدر سپ بلاٹر کے جانشین کو مبارکباد دیتے ہوئے پرفل پٹیل نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’’اے آئی اے ایف فٹبال کو ہندوستان میں ایک عظیم کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے جیانی انفانٹینو کے ساتھ کام کرنے کا متمنی ہے‘‘۔پٹیل نے اپنے ٹوئٹر پر انفانیٹو اور فیفا کی عاملہ کمیٹی کے رکن پرنس عبداللہ کی تصویر بھی پوسٹ کی۔ ہندوستانی فٹبال فیڈریشن نے ایشیائی فٹبال کانفیڈریشن کے سربراہ شہزادہ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ کی اعلانیہ تائید کی تھی۔