فیفا کے صدر کے خلاف مجرمانہ تحقیقات کا آغاز

زیورخ۔26 ستمبر۔ (سیاست ڈاٹ کام)سوئٹزرلینڈ کے پروسیکیوٹرز نے فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کے صدر سپ بلاٹر کے خلاف مجرمانہ تفتیش کا آغاز کیا ہے۔ اٹارنی جنرل کے دفتر نے کہا کہ انھوں نے بلاٹر کے خلاف مجرمانہ الزامات پر کارروائی کا آغاز کیا ہے۔یہ کارروائی مجرمانہ بد انتظامی کے شبہے پر کی جارہی ہے۔فیفا نے کہا ہے کہ وہ سوئس اٹارنی جنرل سے تعاون کر رہا ہے۔سوئس اٹارنی جنرل کے دفاتر کے مطابق تحقیقات کا دائرہ ٹی وی کے حقوق کا ایک معاہدہ ہے جو  بلاٹرنے کریبیائی فٹبال کے سربراہ جیک وارنر کے ساتھ 2005 ء میں کیا تھا۔بیان کے مطابق  بلاٹر پر اس بات کا بھی شک ہے کہ انھوں نے 2011 میں یو ای ایف اے کے صدر مائیکل پلیٹینی کو ایک ’قوائد سے ہٹ کر رقم‘ دی تھی۔  بلاٹرکے وکیل رچرڈ کولن نے کہا کہ ’’بلاٹرتعاون کر رہے ہیں اور ہم پر امید ہیں کہ جب سوئس حکام کو دستاویز اور ثبوت دیکھنے کا موقع ملے گا تو ان کو پتہ چل جائے گا معاہدے کو مناسب طریقے سے تیار کیا گیا تھا اور اس پر فیفا کے مناسب اسٹاف نے مذاکرات کئے تھے، جو کہ عام طور پر اس طرح کے معاہدوں کے ذمہ دار ہوتے ہیں، اور یقیناً کوئی بد انتظامی نہیں ہوئی تھی‘‘۔79 سالہ بلیٹر نے 1998 سے فیفا کے انتظامات سنبھالے ہوئے ہیں اور ہمیشہ ہی کسی بھی قسم کے ناجائز عمل سے انکار کرتے ہیں۔