فیفا ورلڈ کپ کی نقلی ٹرافیوں کی فروخت عروج پر

ریوڈی جینیرو۔23 مئی (سیاست ڈاٹ کام) فٹ بال ورلڈ کپ جیتنا دنیا کے ہر کھلاڑی کا خواب ہوتا ہے، عالمی شہرت یافتہ اسٹار اور عہدیدار تو اس ٹرافی کو قریب سے دیکھ لیتے ہیں، لیکن کھیل سے محبت کرنے والے اربوں شائقین ٹرافی کا قرب کیسے حاصل کریں، یہ ان کی ہمیشہ خواہش ہی رہی لیکن اب برازیلی کے ذہین شخص نے اس کا حل ڈھونڈ لیا ہے۔46 سالہ جاربس مینگھینی نامی تاجر عرصہ دراز سے ورلڈ کپ ٹرافیز کے ہو بہو نقل بنا کر فٹ بال شائقین کو فروخت کررہے ہیں۔

انہوں نے اسے باقاعدہ کاروبار بنالیا ہے۔ انہیں یہ خیال1994 میں آیا جب برازیل کے کپتان ڈنگا کو انہوں نے ورلڈ کپ ٹرافی اٹھائے دیکھا اس دو برس بعد مینگھینی نے ٹرافیز کی نقل بنا کر تجارت شروع کردی۔ انہیں اب یاد بھی نہیں وہ اب تک کتنے ٹرافیز فروخت کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لئے ورک شاپ تو بنار کھی ہے لیکن کوئی باقاعدہ شوروم یا دکان کا تکلف نہیں۔ ان کا تمام بزنس ٹیلی فون یا سوشل میڈیا کے ذریعہ ہوتا ہے وہ اپنے گاہک کو ٹرافی لینے کیلے ریوڈی جنیر کے ماراکانہ اسٹیڈیم طلب کرتے ہیں۔