ریو ڈی جینرو۔25 مئی (سیاست ڈاٹ کام )برازیل نے فٹ بال ورلڈ کپ 2014 کے موقع پر سلامتی کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لئے 850 ملین ڈالر کا ایک منصوبے شروع کیا ہے۔برازیل کی حکومت نے آئندہ ماہ ہونے والے فٹ بال ورلڈ کپ میں سلامتی کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے 57 ہزار فوجیوں اور ایک لاکھ پولیس عہدیداروں کی تعیناتی کا اعلان کیا ہے۔ اس موقع پر یہ سکیورٹی اہلکار ورلڈ کپ فٹ بال مقابلوں کے لئے منتخب کردہ 12 شہروں میں اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔ میڈیا کے مطابق ان سکیورٹی اہلکاروں کی ذمہ داریوں میں شامل ہے کہ یہ میدانوں، ہوٹلوں اور ایئرپورٹس کی سلامتی کو یقینی بنائیں۔ برازیل کے سیکرٹری برائے دفاع یوزے ایڈارڈو کاردوزو کے مطابق برازیل ان مقابلوں کے لیے سلامتی کے حوالے سے ہر طرح سے تیار ہے اور سکیورٹی کی ضمانت دیتا ہے۔اس موقع پر برازیلیبحریہ کے 13 ہزار اہلکار بھی کشتیوں پر منتخب کردہ شہروں کے نواح میں واقع سمندری علاقوں میں گشت کریں گے۔
جب کہ فضائیہ کے 24 سوپر ٹاکانو جہازوں، تین ریڈار جہازوں اور گیارہ ہیلی کاپٹروں کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔کاردوزو نے کہا ہیکہ ان مقابلوں کے منتظمین اس موقع پر احتجاجی مظاہروں سے نمٹنے کے لئے بھی مکمل طور پر تیار ہیں۔ یاد رہے کہ آئندہ ماہ فٹ بال کے عالمی کپ کے سلسلے میں 32 ممالک کی ٹیمیں برازیل پہنچ رہی ہیں ۔ تاہم اس موقع پر بڑے پیمانے پر حکومت مخالف مظاہروں کے خدشات بھی ظاہر کئے جا رہے ہیں۔گزشتہ برس ورلڈ کپ مقابلوں کے لیے منعقد ہونے والے وارم اپ مقابلوں کے موقع پر بڑے عوامی مظاہروں ہوئے تھے، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ اس مرتبہ ممکنہ طور پر یہ مظاہرے اتنی بڑی شدت کے نہیں ہوں گے۔