بگوٹا ۔4 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام )فیفا کے صدر گیانی انفنٹینو نے ورلڈ کپ میں توسیع کیلئے اس میں 48 ٹیمیں شامل کرنے کی تجویز پیش کی ہے جس پر 2026 میں عمل درآمد کیا جا سکتا ہے۔گیانی انفنٹینو نے 2026 ورلڈ کپ میں 48 ٹیموں کی شرکت کی تجویز کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ابتدائی پلے آف راؤنڈ میں 16 ٹیمیں صرف ایک میچ کھیل کر وطن واپس لوٹ جائیں گی اور 16 فاتح ٹیمیں ایونٹ کی 16 ٹیموں کے ساتھ آگے جائیں گی جس کے بعد گروپ اسٹیج مرحلہ ہو گا۔کولمبیا کے شہر بگوٹا میں خطاب کرتے ہوئے فیفا کے صدر نے کہا کہ 48 ٹیموں تک توسیع سے دنیا کے مزید ملک اور خطے خوش ہو جائیں گے اور ٹورنمنٹ کے میچز کی تعداد 64 سے بڑھ کر 80 ہو جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ براڈ کاسٹرز دنیا کے سب زیادہ دیکھے جانے والے کھیل کے ورلڈ کپ کے حقوق کیلئے زیادہ رقم بھی دینے پر تیار ہوں گے۔2014 ورلڈ کپ کی نشریاتی حقوق کی مدد میں فیفا کو پانچ ارب ڈالر کی آمدنی ہوئی تھی۔آئندہ ہفتے انفنٹینو زیورخ میں کونسل کے اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں 2026 ورلڈ کپ کے فارمیٹ اور بولی کے عمل کا آغاز ہو گا۔اس ورلڈ کپ کیلئے میکسیکو، امریکہ اور کینیڈا ممکنہ طور پر بولی دیں گے جہاں شمالی امریکہ کی فٹبال کی تنظیم کا ماننا ہے کہ وہ 1994 کے بعد اب ورلڈ کپ کی میزبانی کے بجا طور پر مستحق ہیں جہاں 1994 میں پہلی مرتبہ شمالی امریکہ میں ورلڈ کپ کا انعقاد ہوا تھا جس کی میزبانی امریکہ نے کی تھی۔2026 ورلڈ کپ کے حوالے سے فیصلہ آئندہ ماہ ہو گا اور یہ انفنٹینو کے فیفا کے مستقبل کا فیصلہ بھی کرے گا جو 40 ٹیموں کا ورلڈ کپ منعقد کروانے کا وعدہ کر کے فروری میں صدر منتخب ہوئے تھے۔