فیفا ورلڈ کپ سے ارجنٹینا خارج فرانس کی کوارٹر فائنلز میں رسائی

کزان (روس)، 30 جون (سیاست ڈاٹ کام) فرانس نے لیونل میسی زیرقیادت ارجنٹینا کو آخری 16 کے سنسنی خیز ورلڈ کپ میچ میں آج 4-3 سے شکست دے دی جبکہ کم عمر فرانسیسی کھلاڑی کائلیان ایم باپی نے یہاں سوپر پرفارمنس پیش کرتے ہوئے دو گول اسکور کئے۔ 19 سالہ ایم باپی نے سکنڈ ہاف شروع ہوتے ہی چند منٹوں میں دو گول داغ دیئے اور فرانس کو 4-2 کی سبقت دلائی اور اگرچہ سرجیو اگیرو نے انجری ٹائم میں ایک گول بناتے ہوئے فرانسیسی ٹیم کو کچھ حد تک مضطرب کیا لیکن انھوں نے مزید کوئی گول اسکور ہونے نہیں دیا۔ اس طرح ارجنٹینا کی ٹیم فیفا ورلڈ کپ 2018ء سے خارج ہوگئی جبکہ فرانس کو آخری 8 کے مرحلے یعنی کوارٹر فائنلز میں رسائی حاصل ہوگئی ہے۔

ہندوستان کو کبڈی ٹائٹل
دبئی ، 30 جون (سیاست ڈاٹ کام) انڈیا نے آج ایک اور عمدہ مظاہرہ کے ساتھ ایران کو یہاں چھ قومی کبڈی ماسٹرز دبئی میں 44-26 سے شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا۔