فیفا ورلڈ کپ : آج کروشیا کیلئے ’’کرو یا مرو‘‘ کا مرحلہ

رسیفے (برازیل)۔22 جون (سیاست ڈاٹ کام) کروشیا کے نیکو کووواچ نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم کے لئے پیر کو یہاں میکسیکو کیخلاف ہونے والا مقابلہ فائنل کی طرح ہوگا کیونکہ اس میچ میں کامیابی ہی آخری 16 میں ان کی جگہ پکی کرے گی۔کروشیا نے گروپ اے کے اپنے پہلے میچ میں میزبان برازیل کے ہاتھوں 3-1 کی شکست کے بعد زبردست واپسی کرتے ہوئے کیمرون کو 4-0 سے شکست دے کر ناک آؤٹ میں داخلے کی اُمیدوں کو زندہ رکھا ہے۔اسٹرائیکر ماریو مینجو کچ نے دوسرے ہاف میں 2 گول داغے تھے جس سے کروشیا نے 10 کھلاڑیوں کیساتھ کھیل رہی کیمرون کی ٹیم کو شکست دے کر ٹورنمنٹ سے باہر کر دیا۔ وولفسبرگ کیجانب سے کھیلنے والے ایویکا اولچ اور ایوان پیریسچ نے گول داغے لیکن اس کے باوجود ٹیم پوائنٹس ٹیبل میں برازیل اور میکسیکو کے بعد تیسرے نمبر پر ہے۔ کوواچ کو پتہ ہے کہ مگوئیل ہریرا کی ٹیم کیخلاف ان کیلئے مقابلہ آسان نہیں ہوگا کیونکہ برازیل کو برابری پر روکنے کے بعد ٹیم کا اعتماد بڑھا ہے۔ میکسیکو کے گول کیپر گوئلورمو اوچووا نے برازیل کے خلاف شاندار دفاع کرکے سرخیاں بٹوری ہیں۔ انہوں نے میزبان ٹیم کے اسٹار نیمار کے بہتر قریب سے مارے گئے شاٹ کو بھی ناکام کیا۔ میکسیکو کی ٹیم اگر کروشیا کو برابری پر روکنے میں کامیاب رہتی ہے تو آخری 16 میں جگہ بنا لے گی۔ ٹیم نے برازیل کیساتھ گول کے بغیر ڈرا کھیلا تھا جبکہ کیمرون کو 1-0 سے شکست دی۔ کوواچ نے کروشیا کے نشریاتی ادارہ ایچ ٹی وی سے کہا کہ میکسیکو کیخلاف مقابلہ فائنل کی طرح ہوگا۔ میکسیکو کی ٹیم مضبوط ہے اور ہماری ٹیم بھی۔ وہ جارحانہ فٹبال کھیلتے ہیں اور ان کی فارورڈ لائن مضبوط ہے لیکن ان کے ڈیفنس میں کچھ خامیاں ہیں جیسا کہ برازیل نے ہمیں دکھایا۔ میکسیکو کے ابھی 4 پوائنٹس ہیں جو کروشیا سے ایک زیادہ ہے۔ میکسیکو کی ٹیم اگرچہ گروپ مرحلے کا اختتام ،گروپ اے میں سب سے سرفہرست رہ کر کرنا چاہتی ہے اور کروشیا کو ہرا کر برازیل پر دباؤ بنانا چاہتی ہے۔ ہریرا نے کہا کہ ہمیں اگلے دور میں جگہ بنانے کیلئے برازیل سے بھی لوہا لینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا اب بھی ایک گروپ میچ بچا ہے اور ہمیشہ کی طرح ہم جیت کے ارادے سے اُترینگے۔ ہریرا نے کہا کہ میں نے کھلاڑیوں سے کہہ دیا ہے کہ انہوں نے برازیل کیخلاف شاندار کام کیا لیکن کوالیفائی کرنے کیلئے ہمیں اب بھی اپنا سب کچھ جھونکنا ہوگا۔