فیفا ورلڈ کپ’’یوروپی کپ ‘‘میں تبدیل

میڈرڈ۔ 9جولائی (سیاست ڈاٹ کام)فیفا ورلڈکپ کے کوارٹر فائنلز میں یوراگوئے اور برازیل کی شکست کے بعد اسپین اور اٹلی کے اخبارات نے فیفا ورلڈکپ کو ’’یوروپی کپ‘‘ قرار دے دیا۔ اب فیفا ورلڈ کپ میں صرف یورپ کی ٹیمیں ہی باقی رہ گئیں۔ دیگر براعظموں کی ٹیمیں باہر ہو چکی ہیں جبکہ فٹبال کا گڑھ کہلانے والے براعظم جنوبی امریکہ یا لاطینی امریکہ کی صرف2 ٹیمیں برازیل اور یوراگوئے ہی کوارٹر فائنلز میں پہنچ سکی تھیں جو باہر ہو گئی ہیں۔ انگلینڈ اور کروشیا کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے بعد سیمی فائنلز میں یوروپی ٹیموں کی تعداد 4 ہوگئی ہے جبکہ فرانس اور بلجیم پہلے ہی سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرنے والی پہلی ٹیمیںرہیں۔ یہ ورلڈ کپ بھی کوئی یوروپی ٹیم ہی جیتے گی اور مسلسل چوتھی مرتبہ بھی یہ اعزاز یوروپ کے پاس رہے گا۔فیفا ورلڈکپ2014 کا دفاعی چیمپیئن جرمنی تھا اس سے پہلے 2010میں اسپین اور 2006میں اٹلی نے ورلڈ کپ جیتا تھا۔