فیفا صدر انفنٹینو نے مودی کو تحفے میں دی جرسی

نئی دہلی۔ 2 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام)بین الاقوامی فٹ بال فیڈریشن (فیفا) کے صدر جیاني انفنٹینو نے ارجنٹائن کے دارالحکومت بیونس آئرس میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کر انہیں فٹ بال اور ان کے نام کی جرسی پیش کی ہے ۔وزیر اعظم مودی ان دنوں ارجنٹائن میں جی -20 ممالک کی کانفرنس میں حصہ لینے گئے ہیں۔ کانفرنس کے دوران فیفا صدر انفنٹینو نے مسٹر مودی کو ان کے نام کی جرسی اور فٹ بال پیش کی۔ وزیر اعظم نے اپنے سرکاری ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اس کی جانکاری دیتے ہوئے انفنٹینو کے ساتھ تصویر بھی شئیر کی ۔مسٹر مودی نے لکھاکہ ارجنٹینا آکر فٹ بال کے بارے میں نہ سوچنا ناممکن ہے ۔ ارجنٹائن کے فٹبالر ہندستان میں بہت مقبول ہیں۔ آج مجھے فیفا صدر جیاني انفنٹینو سے جرسی ملی۔ میں اس اعزاز کے لیے ان کا شکریہ کرتا ہوں۔غور طلب ہے کہ مسٹر مودی کو کھیلوں کا بڑا حامی سمجھا جاتا ہے اور حال ہی میں انہوں نے کہا تھا کہ ہندوستان میں ارجنٹائن کے عظیم فٹبالر میراڈونا کا نام ہر گھر میں جانا جاتا ہے ۔