جنیوا۔12جون ( سیاست ڈاٹ کام ) برازیل میں فیفا ورلڈ کپ 2014ء کیلئے عالمی میلہ سج چکا ہے اور خطاب کیلئے 32ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلے ہونے کی امیدیں قوی ہیں لیکن ماہرین اعداد و شمار نے پیش قیاسی کردی ہے کہ دفاعی چمپئن اسپین برازیل میں بھی اپنے خطاب کا دفاع کرے گا اور برازیل جیسے خطاب کیلئے مضبوط دعویدار سمجھا جارہا ہے اسے فائنل میں شکست برداشت کرنی پڑے گی۔ سوئٹزرلینڈ سے متعلق فٹبال کی ماہر تنظیم سی آئی ای ایس کے مبصرین نے برازیل میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ میں شرکت کررہی 32ٹیموں اور اس کے کھلاڑیوں کا گہرائی سے تفصیلی مطالعہ کیا ہے جس کے بعدایک غیر حقیقی منظر پیش کیا گیا ہے جس میں اسپین کو 2014ء کو چمپئن قرار دیا گیا ہے ۔ یہ بھی پیش قیاسی کی گئی ہے کہ خطابی مقابلہ میں برازیل کو شکست ہوجائے گی ۔ خطابی مقابلے میںشرکت کرنے والی 2ٹیموں اور ان میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم کے علاوہ یہ بھی کہا گیا ہے
کہ لیونل میسی کی زیرقیادت ارجنٹینا کو تیسرا مقام اور فرانس کو چوتھا مقام حاصل ہوگا ۔سی آئی ای ایس فٹبال تنظیم کے مبصرین نے ورلڈ کپ 2014ء کی پیش قیاسیوں کیلئے اکونومیٹرک سسٹم اختیار کرنے کے علاوہ کھیل کے تمام زاویوں کا گہرائی سے مطالعہ کیا ہے اور ورلڈ کپ میں شرکت کررہی ٹیموں اور ان میں شامل کھلاڑیوں کے مظاہروں کو بنیاد بناکر فیصلے سنائے ہیں ۔ ماہرین نے ورلڈ کپ کی پیش قیاسی کیلئے لیگ مقابلوں اور ان مقابلوں میں کھلاڑیوں کی جانب سے آج تک کئے جانے والے گولس کی تعداد ‘گذشتہ دو برسوں کے دوران کھلاڑیوں کے مظاہرے ‘ 2012ء سے بین الاقوامی سطح پر اپنی ٹیم کی نمائندگی اور مجموعی طور پر ورلڈ کپ میں شرکت کی تفصیلات کو اپنے مطالعہ کا حصہ بنایا ۔ مذکورہ تمام موضوعات کے تفصیلی مطالعہ کے بعد ورلڈ کپ میں موجود 8گروپس میں ان ٹیموں کا بھی انتخاب کیا جو کہ ٹورنمنٹ کی قطعی 16ٹیموں میں جگہ بنائیں گی ۔ ناک آؤٹ مرحلے کی پیش قیاسیوں میں کہا گیا ہے کہ میزبان برازیل اپنی حریف ٹیم نیدرلینڈس کو شکست دیتے ہوئے ورلڈ کپ میں اپنی پیش قدمی کو جاری رکھے گی ۔ ناک آؤٹ مرحلے کے دیگر مقابلوں میں جاپان کو اٹلی کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑے گی جبکہ نائیجریا کو فرانس کے خلاف ناکامی کا سامنا رہے گا ۔ رونالڈو کی زیرقیادت پرتگال کی ٹیم روس کو ٹورنمنٹ سے باہر کا راستہ دکھائی گی ۔
قطعی 16ٹیموں کے دوسرے گروپ کے مقابلوں میں اسپین کو کروشیا کے خلاف کامیابی حاصل ہوگی ۔ انگلینڈ کے خلاف کولمبیا کو ناکامی برداشت کرنی پڑے گی ۔ اکیوڈرا کو ارجنٹینا کے خلاف شکست اور جرمنی اپنے مقابلے میں بلجیم کو باہر کا راستہ دکھائے گی۔ ان نتائج کے بعد ورلڈ کپ 2014ء کے کوارٹر فائنلس کی صف بندی پوریہوگی ۔ کوارٹر فائنل میں برازیل کو اٹلی کے خلاف کامیابی حاصل ہوگی ۔ پرتگال کو فرانس کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑے گی ۔ دفاعی چمپئن اسپین کو انگلینڈ کے خلاف کامیابی ملے گی جبکہ جرمنی اور ارجنٹینا کے مقابلے میں میسی کی ٹیم کامیابی حاصل کریگی ۔ سیمی فائنلس کی درجہ بندی میں جو پیش قیادی کی گئی ہے اس میں پہلا مقابلہ برازیل اور فرانس کے درمیان ہوگا جہاں برازیل کامیابی کے ساتھ فائنل میں رسائی حاصل کرے گی جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں ارجنٹینا کو اسپین کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑے گی ۔