بودھن 10 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آج جامع مسجد رئیس پیٹھ بودھن میں نماز جمعہ کے موقع پر امام مفتی شیخ جابر احمد اشاعتی نے اپنی رقت انگیز دعا میں اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے ہوئے کہاکہ برسر اقتدار قائدین کی طرف سے عوام الناس سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کے لئے قائدین کو اللہ تعالیٰ توفیق عطا فرمائے اور تلنگانہ کے مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات کیف راہمی کے وعدے کی تکمیل کی ہدایت دینے کی امام مسجد نے دعا کی۔ انھوں نے مصلیان سے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ اللہ رب العزت ماہ رمضان کے دوران سحر و افطار کے وقت کی دعاؤں کو قبول فرماتے ہیں۔ امام مسجد نے کہاکہ بیماریوں، پریشانیوں و دیگر مصائب سے چھٹکارہ پانے کے ساتھ ہی ساتھ بے روزگار مسلم نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی اور تعلیمی میدان میں دیگر ابنائے وطن کے ساتھ ترقی حاصل کرنے اور این ڈی ایس ایل کے بے روزگار ملازمین کو حصول روزگار کے لئے برسر اقتدار حکومت کے قائدین کے دل و دماغ میں ان کے وعدوں کی تکمیل اور مسلم اقلیت کو 12 فیصد تحفظات کی فراہمی کے لئے اقدامات کرنے کی ہدایت دینے کی اللہ تعالیٰ سے دعا کی۔ قبل ازیں صدر انتظامی کمیٹی اور عہدیداروں نے ادارہ سیاست کی طرف سے جاری کردہ معنی خیز تصویری ورقیہ کا مشاہدہ کیا۔ صدر کمیٹی جناب سید ریاض الحسن نے ورقیہ پر تبصرہ کرتے ہوئے بتایا کہ مسلم نوجوانوں اور اُن کی موجودہ حالت زار پر تصاویر کی زبانی ان کی حالت زندگی سے عوام الناس کو واقف کروانے کی جناب عامر علی خان کی کوششوں کی ستائش کی۔ جناب ریاض الحسن نے مسلمانوں کو تعلیم و ملازمتوں میں تحفظات کی فراہمی کی اہمیت پر ادارہ سیاست کی طرف سے شروع کی گئی تحریک کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ انھوں نے لاوارث مسلم نعشوں کی تدفین کے لئے ادارہ سیاست کی طرف سے منظم طریقہ پر شروع کئے گئے کاموں کی ستائش کی اور جناب زاہد علی خاں اور ان کے شانہ بہ شانہ کارخیر و فلاحی پروگراموں میں حصہ لینے والے شہریان حیدرآباد کی ستائش کی۔ اس موقع پر تحفظ تحریک مسلمانان کے معاون کنوینر بودھن جناب عابد حسین فاروقی معتمد مسجد سید ذاکر صحافی عبداللہ قریشی اور لکچرر فیروز و دیگر موجود تھے۔