فیشن ڈیزائننگ کی طالبہ کی خودکشی

حیدرآباد۔ یکم اپریل (سیاست نیوز) عشق میں ناکامی کے سبب علاقہ نارائن گوڑہ میں فیشن ڈیزائننگ کی طالبہ نے پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔ پولیس کے بموجب 20 سالہ برہم رامبیکا متوطن ضلع نظام آباد ، حمایت نگر میں واقع ہیمس ٹیک فیشن ڈیزائننگ انسٹیٹیوٹ کی طالبہ تھی اور وہ حمایت نگر اسٹریٹ نمبر 13 میں واقع گرلز ہاسٹل میں رہتی تھی۔ آج شام 4 بجے اس نے اپنے ہاسٹل کے کمرے میں پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔ ہاسٹل کے انتظامیہ نے نارائن گوڑہ پولیس کو اس واقعہ سے واقف کروایا جس پر پولیس ٹیم نے وہاں پہنچ کر نعش کو عثمانیہ دواخانہ کے مردہ خانہ میں منتقل کیا۔ پولیس کو شبہ ہے کہ عشق میں ناکامی سے دلبرداشتہ ہوکر اس نے انتہائی اقدام کیا ہوگا۔

خاتون کو دو بچوں کے ساتھ اقدام خودکشی سے پولیس نے بچالیا
حیدرآباد۔ یکم اپریل (سیاست نیوز) لیک پولیس نے ایک شادی شدہ خاتون اور اس کے دو بچوں کو ٹینک بنڈ میں چھلانگ لگاکر خودکشی کرنے کی کوشش کو ناکام بنادیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 25 سالہ بی سوما لتا ساکن مغربی ماریڈپلی پیشہ سے گھریلو ملازمہ ہے اور اس کا شوہر عادی شرابی ہے۔ وہ اکثر چھوٹی چھوٹی باتوں پر جھگڑا کیا کرتا تھا جس پر دلبرداشتہ ہوکر آج اس نے حسین ساگر جھیل میں چھلانگ لگاکر خودکشی کرنے کی کوشش کی۔ لیک پولیس نے اس اقدام کو ناکام بنادیا۔ انسپکٹر لیک پولیس اسٹیشن شریمتی سری دیوی نے سومالتا کے شوہر کو پولیس اسٹیشن طلب کرکے اس کی کونسلنگ کی۔