فیس کی عدم ادائیگی پر ٹیچر کا اہانت آمیز سلوک ‘ طالب علم کی خود کشی

کریمنگر میں افسوسناک واقعہ ۔ سیلفی ویڈیو میں اسکول انتظامیہ کے رویہ کی شکایت

حیدرآباد /2 اکٹوبر (سیاست نیوز)  خانگی اسکولوں میں بے تحاشہ فیس میں اضافہ اور اسکول انتظامیہ کی جانب سے طلباء پر فیس کی ادائیگی کیلئے دباؤ ڈالنے کا ایک سنگین نتیجہ آج منظر عام پر آیا ہے ۔ فیس کی عدم ادائیگی پر کلاس روم سے باہر نکال دیئے جانے سے دلبرداشتہ دسویں جماعت کے ایک طالبعلم نے ٹرین کے روبرو چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی ۔ یہ دلخراش واقعہ ضلع کریمنگر کے پداپلی میں آج پیش آیا ۔ تفصیلات کے بموجب 15 سالہ سنتوش ریڈی ساکن دھرمارم منڈل اباپور ویلیج بریلینٹ ماڈل اسکول کا دسویں جماعت کا طالبعلم تھا ۔ اس نے حال میں پانچ ہزار روپئے اسکول فیس جمع کی تھی لیکن بقایہ جات کیلئے دباؤ ڈالتے ہوئے کلاس ٹیچر نے اسے کلاس سے باہر نکال دیا اور دیگر طلبا کے ساتھ بطور سزا کافی دیر ٹھہرنے کیلئے مجبور کردیا ۔ اسکول انتظامیہ کی اس حرکت سے سنتوش ریڈی دلبرداشتہ ہوگیا اور اس نے خودکشی کرنے کا فیصلہ کرلیا ۔ سنتوش ریڈی نے انتہائی اقدام سے قبل موبائیل فون سے خود کی ویڈیو ریکارڈنگ ’سیلفی ویڈیو‘ ریکارڈ کی جس میں اس نے یہ بتایا کہ وہ اسکول انتظامیہ کی اس حرکت سے دلبرداشتہ ہوگیا ہے اور وہ اب اسکول جانا پسند نہیں کرتا ۔ اس نے اپنے والدین کو ویڈیو ریکارڈنگ کے ذریعہ کہا کہ وہ اس کی راہ نہ دیکھیں اور وہ خود کو ختم کررہا ہے ۔ اس ریکارڈنگ کے بعد سنتوش نے کل رات دیر گئے پدا پلی ریلوے اسٹیشن کے قریب پٹریوں پر چلتی ٹرین کے روبرو چھلانگ لگادی جس میں اس کی موت واقع ہوگئی ۔ ریلوے پولیس نے طالبعلم کی نعش کو پٹریوں سے برآمد کیا اور اسکی شناخت کے بعد نعش کو پوسٹ مارٹم کے بعد والدین کے حوالے کردیا ۔ اس واقعہ کے بعد پدا پلی علاقہ میں غم کی لہر دوڑ گئی اور اسکول انتظامیہ کے رویہ کی مذمت کی اور کئی افراد نے اسکول کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ سنتوش کی خودکشی نے حکومت کے خانگی اسکولوں کی من مانی کے خلاف عدم کارروائی پر ایک سوالیہ نشان کھڑا کردیا ہے ۔