تین نوجوان گرفتار ۔ جیل منتقل ۔ ٹاسک فورس کی کارروائی
حیدرآباد۔/26جنوری، ( سیاست نیوز) فیس بک پر خنجر کے ساتھ تصاویر اَپ لوڈ کرنا 3 نوجوانوں کیلئے مہنگا ثابت ہوا۔ ٹاسک فورس پولیس نے انہیں گرفتار کرتے ہوئے جیل بھیج دیا ہے۔ تفصیلات کے بموجب 25 سالہ کے راہول پرکاش ساکن صنعت نگر،26 سالہ ایم سائی یادو ساکن نیو بوئن پلی اور الوال کے ساکن 22 سالہ ارجن داس کو ٹاسک فورس پولیس نے ان کے فیس بک اکاؤنٹس پر خنجر کے ساتھ تصاویر پائے جانے پر ان کے خلاف کارروائی کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پرکاش پنجہ گٹہ کے علاقہ پرشانت نگر میں خنجر کے ساتھ گھوم رہا تھا کہ ٹاسک فورس نے اسے حراست میں لے لیا اور اس کی تفتیش کی۔ اس نوجوان نے پولیس کو بتایا کہ وہ 999 روپئے میں آن لائن خنجر خریدا تھا اور اپنے دوست دنیش کمار کی سالگرہ کے موقع پر اس خنجر کے ساتھ تصاویر لیتے ہوئے اسے سوشیل میڈیا پر اپ لوڈ کیا تھا۔ اسی طرح سائی یادو اور ارجن داس نے بھی نامعلوم شخص سے سکندرآباد علاقہ میں 800 روپئے میں خنجر خریدا تھا، ان دو نوجوانوں نے بھی خنجر کے ساتھ اپنی تصاویر سوشیل میڈیا پر آن کی تھی۔ ٹاسک فورس نے گرفتار نوجوانوں کو ضبط شدہ ہتھیار کے ساتھ پنجہ گٹہ پولیس کے حوالے کردیا۔ پولیس نے بتایا کہ آن لائن فروخت کئے جانے والے خنجر غیر قانونی ہیں اور یہ خنجر رکھنے پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔