دبئی۔30اکٹوبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) سماجی رابطے کی مقبول عام ویب سائٹ’’فیس بک‘‘ کی خاتون ڈائریکٹر برائے مشرق وسطیٰ جمانہ عنتر نے وضاحت کی ہے کہ ویب سائٹ پر ’’استغفر اللہ العظیم‘‘کی عبارت کی بار بار بندش کی بنیادی وجہ کوئی سیاسی یا مذہبی محرک نہیں بلکہ تکنیکی وجوہات کی بناء پر یہ عبارت ’ایڈجسٹ‘ نہیں ہو سکی ہے۔ تاہم جلد ہی اس تکنیکی مسئلے کا حل نکال لیا جائے گا۔اردن سے شائع ہونے والے اخبار ’’الغد‘‘ سے بات کرتے ہوئے آنسہ عتنر کا کہنا تھا کہ عارضی طور پر ’’استغفر اللہ العظیم‘‘ کی عبارت نشر کرنے کا عمل روک دیا گیا ہے۔ ’’فیس بک‘‘پر ایک ہی عبارت کا تکرار کے ساتھ نشر کیا جانا عبارت کی بندش کا باعث بن جاتا ہے۔ بند ہو جانے والی ہر عبارت، قول یا بات کو کھولا جانا ضروری نہیں ہوتا تاہم ’’استغفر اللہ العظیم‘‘ جیسی عبارت کی فیس بک پر بحالی ہر صورت میں ہو گی۔عنتر نے کہاکہ اس وقت 1300 ملین افراد فیس بک کا استعمال کرتے ہیں۔