حیدرآباد 23 مارچ (یو این آئی) آندھراپردیش کے ضلع مشرقی گوداوری کی ایک فیکٹری میں امونیم گیس کے اخراج کا واقعہ پیش آیا ۔ کاکناڈا رورل منڈل کے گروجنا پلی دیہات میں وی بی ایکسپورٹس کمپنی میں اچانک گیس کے اخراج سے سنسنی پھیل گئی اور لوگ حیران رہ گئے ۔ اس واقعہ میں چار ورکرس کی صحت خراب ہوگئی ۔ سانس لینے میں دشواری پر ان تمام کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیاگیا ۔ ان میں ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔ متاثرین کے رشتہ داروں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے اس واقعہ پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات ماضی بھی پیش آچکے ہیں۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ فیکٹریز انسپکٹر معاملہ درج کرتے ہوئے کمپنی کے خلاف کارروائی کریں ۔ انہوں نے ورکرس کی سلامتی پر بھی تشویش کا اظہار کیا ۔