فہرست رائے دہندگان میں خامیوں کا اندرون 24 گھنٹے ازالہ: دانا کشور

حیدرآباد۔30اکٹوبر(سیاست نیوز) سیاسی جماعتوں کی جانب سے فہرست رائے دہندگان میں خامیوں اور فرضی ناموں کے علاوہ ایک گھر میں سینکڑوں رائے دہندوں کے ناموں کی موجودگی کی شکایات کا اندرون 24گھنٹے ازالہ کیا جائے اور اگر ریٹرننگ آفیسر یا اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے اندرون 24گھنٹے تحقیقاتی رپورٹ ضلع الکٹورل آفیسر کے دفتر نہیں پہنچائی جاتی ہے تو ایسی صورت میں اندرون 24گھنٹے وجوہات پر مبنی نوٹ روانہ کیا جائے۔ مسٹر دانا کشور کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد و ضلع الکٹورل آفیسر نے شہر حیدرآباد کے تمام ریٹرننگ آفیسرس و اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرس کے اجلاس سے خطاب کے دوران یہ بات کہی۔ انہوں نے بتایاکہ جو بھی شکایتیں فہرست رائے دہندگان کے متعلق موصول ہورہی ہیں ان شکایتوں کے ازالہ کے فوری اقدامات کئے جائیں اور اس میں رکاوٹ پیدا کرنے والوں کے خلاف محکمہ پولیس میں شکایت درج کروانے سے بھی گریز نہ کیا جائے کیونکہ فہرست رائے دہندگان کی تنقیح کے کاموں میں رکاوٹ پیدا کرنے کی بھی شکایت موصول ہورہی ہیں۔ بعض ریٹرننگ آفیسرس نے بتایا کہ شہر کے بعض علاقوں میں ایک مکان پر سینکڑوں رائے دہندوں کی موجودگی کی شکایات بھی موصول ہوئی ہیں جن کی تنقیح کیلئے وقت درکار ہوگا۔ کمشنر جی ایچ ایم سی و چیف الکٹورل آفیسر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اس سلسلہ میں انتخابی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کیلئے مامور کئے گئے محکمہ مال کے عہدیداروں کی خدمات بھی حاصل کریں تاکہ عاجلانہ طور پر فہرست رائے دہندگان میں موجود خامیوں کو دور کرنے کے اقدامات کئے جاسکیں۔ بتایاجاتاہے کہ اجلاس کے دوران عہدیداروں نے ضلع الکٹورل آفیسر کو اس بات کی شکایت کی کہ ان کے کامو ںمیں رکاوٹیں پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور بعض سیاسی جماعتوں کے قائدین کی شکایت ہے کہ انہیں تنقیح کے وقت طلب نہیں کیا جا رہا ہے ۔ عہدیدارو ںکی اس شکایت پر مسٹر دانا کشور نے کہا کہ چیف الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق شکایت کنندہ اور دیگر سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کو تنقیح کے وقت مدعو کیاجائے تاکہ شفافیت کا مشاہدہ ممکن ہوسکے ۔