فکسنگ کیلئے میپن کی دھونی اور رائنا سے ملاقات : رپورٹ

٭ آئی پی ایل 6 کے نصف سے زائد مقابلے فکسڈ
٭ چینائی اور راجستھان کے مقابلے پر سٹہ بازی کی تفصیلات
نئی دہلی ۔ 21 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) بی سی سی آئی کے صدر این سرینواسن کے داماد اور آئی پی ایل کی ٹیم چینائی سوپرکنگس کے میپن کے متعلق رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہیکہ انہوں نے میچ فکسنگ کیلئے ایک تقریب میں چینائی سوپرکنگس کے کپتان مہندر سنگھ دھونی اور ان کے ساتھی کھلاڑی سریش رائنا سے ملاقات کی۔ ایک پولیس عہدیدار کمار جنہوں نے جسٹس مڈگل کمیٹی کے روبرو پیش ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میپن نے چینائی سوپرکنگس کے کھلاڑیوں اور مقابلوں کے متعلق معلومات کیلئے دھونی اور ان کے ساتھی کھلاڑی رائنا سے تقریب میں ملاقات کی۔ پولیس عہدیدار کمار کا ماننا ہیکہ اس مقدمہ کی تحقیقات کی ذمہ داری کسی اہم ایجنسی جیسے ’’نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی‘‘ کے سپرد کردینی چاہئے۔ اس ضمن میں اظہارخیال کرتے ہوئے کمار نے کہا کہ وہ پہلے ہی مطالبہ کرچکے ہیں کہ اس معاملہ کی تحقیقات صحیح سمت گامزن نہیں،

لہٰذا آئی پی ایل میچ فکسنگ کی تحقیقات کی ذمہ داری نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کے ہمراہ دیگر تحقیقاتی ایجنسیوں کے حوالے کردینی چاہئے۔ تحقیقات کی صحیح سمت گامزن نہ ہونے کی ایک وجہ یہ بھی ہیکہ دہلی پولیس کی جانب سے ایف آئی آر کی بنیاد پر کرکٹر سری سنت اور دیگر کھلاڑیوں کو حراست میں لیا گیا تھا اور ان کھلاڑیوں کی گرفتاری میچ فکسنگ کے تحت کی گئی تھی لیکن اس ایف آئی آر کی بنیاد پر تحقیقات صحیح طرز پر نہیں کی گئی ہیں۔ کمار نے ٹی وی چینل ہیڈ لائنس ٹوڈے سے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ میل ٹوڈے کے ساتھ ملنے والی تفصیلات میں گروناتھ میپن اور وندو داراسنگھ کے درمیان جو گفتگو ہوئی تھی اس سے ظاہر ہوتا ہیکہ آئی پی ایل کے تقریباً نصف مقابلے فکسڈ ہیں۔ تفصیلات میں یہ بھی کہا گیا ہیکہ گروناتھ اور وندو کے درمیان جو بات ہوئی تھی، اس میں 12 مئی 2013ء کو چینائی سوپر کنگس اور راجستھان رائلس کے درمیان منعقدہ مقابلہ میں بنائے جانے والے رنز کی تفصیلات تھیں، جس میں گروناتھ نے وندو کو کہا تھا کہ چینائی سوپر کنگس اس مقابلہ میں 140 رنز کا اسکور بنائے گی اور اس مقابلہ میں ہوا بھی ایسا کہ چینائی سوپرکنگس نے 141 رنز اسکور کئے۔ میل ٹوڈے نے بھی اس تفصیلات اسی طرح فراہم کی ہیں۔

اس مقابلہ کے دوران گروناتھ نے چینائی سوپرکنگس کے خلاف 1.4 کروڑ روپئے کی سٹہ بازی کی تھی اور اعتماد کے ساتھ وندو کو کہا تھا کہ راجستھان رائلس مقابلہ اپنے نام کرلے گی۔ دونوں کے درمیان یہ گفتگو 12 مئی 2013ء کی رات 9 بجکر 9 منٹ پر ہوئی تھی اور اس میں گروناتھ نے وندو کو کہا کہ وہ پہلے ہی 20 لاکھ روپئے سٹہ بازی کی رقم لگا چکے ہیں لہٰذا راجستھان پر مزید 30 لاکھ روپئے کی رقم لگائی جائے اور کہا کہ راجستھان رائلس کی کامیابی یقینی ہے۔ پولیس عہدیدار کمار جو دراصل جعلی پاسپورٹ کے معاملہ کی تحقیقات کررہے تھے، انہیں سٹہ بازی کے متعلق اطلاع ملی۔ کمار نے یہ بھی کہا کہ انہیں مزید تحقیقات سے روکنے کی کوشش بھی کی گئی۔ علاوہ ازیں دھونی کا نام اس مہربند لفافہ میں شامل کیا گیا ہے جو مڈگل تحقیقی پینل کی جانب سے رپورٹ سپریم کورٹ میں داخل کی گئی ہے۔ سپریم کورٹ میں اس معاملہ پر 7 مارچ کو سنوائی مقرر کی گئی ہے۔