فکسنگ میں فاسٹ بولر محمد سمیع کو کلین چٹ

لاہور۔8 ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام) پی ایس ایل فکسنگ اسکینڈل میں فاسٹ بولر محمد سمیع کی اینٹی کرپشن ٹربیونل میں طلبی ہوئی، سماعت کے بعد کرکٹر کو کلین چِٹ دے دی گئی ہے۔ پی ایس ایل فکسنگ کیس میں محمد سمیع اینٹی کرپشن ٹربیونل کے روبرو پیش ہوئے۔ پوچھ گچھ کے بعد کھلاڑی کو کلین چِٹ دیدی گئی۔ پی سی بی کے جی ایم لیگل سلمان نصیر نے کہا کہ محمد سمیع سے جو معلومات چاہئے تھیں وہ مل گئیں، ضرورت پڑی تو انہیں دوبارہ طلب کیاجا سکتا ہے۔ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں شرجیل خان اور خالد لطیف پابندی کا شکار ہو چکے ہیں، اوپنر ناصر جمشید اور شاہ زیب حسن کا مقدمہ ہنوز جاری ہے۔قبل ازیں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اینٹی کرپشن یونٹ (اے سی یو) نے فاسٹ بولر محمد سمیع کو اسپاٹ فکسنگ کیس میں ملوث ہونے کے الزام پر فوری طلب کر لیا۔پی سی بی حکام نے کہا ہے کہ محمد سمیع سے ابتدائی تحقیقات مکمل ہوگئیں ہیں۔محمد سمیع نے تمام سوالات کے جوابات دیدئیے ہیں اور پی سی بی نے محمد سمیع کو ٹی ٹین لیگ میں حصہ لینے کی اجازت دیدی گئی۔خیال رہے کہ محمد سمیع حالیہ دنوں بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں راج شاہی کنگز سے کھیل رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ کو محمد سمیع کی اسپاٹ فکسنگ سے متعلق اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ (اے سی یو) نے محمد سمیع پر اسپاٹ فکسنگ کے الزامات کے پیش نظر انہیں فوری طور پر پی سی بی ہیڈ کوارٹرز طلب کیا تھا جس کے بعد محمد سمیع بنگلہ دیش سے پاکستان آئے اور اے سی یو کے سامنے پیش ہوئے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ بنگلہ دیش پریمیر لیگ میں اسپاٹ فکسنگ سے متعلق معلومات پر محمد سمیع کا بیان ریکارڈ کیا گیا ہے۔