دبئی، 26 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) غزہ پر 8 جولائی سے جاری اسرائیلی بمباری نے کھلاڑیوں کی روایتی اسپورٹس مین اسپرٹ کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے۔ جوئے بورٹن اور یوسی بین آیون نے گذشتہ روز ایک دوسرے کے ساتھ سخت جملوں پر مبنی ٹویٹس کا تبادلہ کیا۔ بورٹن نامی 31 سالہ فٹ بالر نے مشرق وسطیٰ کے حالیہ تنازعے پر اپنے موقف کا سوشل میڈیا پر کھل کر اظہار کیا ہے۔ خیال رہے کہ فٹبال کا یہ کھلاڑی سوشل میڈیا پر اپنے 26 لاکھ ’فالورز‘ رکھتا ہے۔ کوئینز پارک رینجرز سے تعلق رکھنے والے فٹ بالر بورٹن نے جوشیلے ٹویٹ کرتے ہوئے 8 جولائی سے غزہ پر جاری بمباری کا ذکر کیا، جس کے نتیجے میں اب تک کم از 850 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
اس بمباری کے دوران اقوام متحدہ کا اسکول ، مساجد، اسپتال سب کچھ ہی نشانہ بنائے گئے ہیں۔ بورٹن نے اپنے ٹویٹ پیغام میں غزہ میں بچوں کا قتل عام بند کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا، ’’مغربی ممالک کو مداخلت کر کے اسرائیل کو روکنا چاہیے۔ معصوم بچوں کا ذبح کیا جانا لازماً بند کیا جائے۔‘‘ بورٹن نے جو کہ مانچسٹر سٹی اور نیو کیسل کی طرف سے کھیلتا ہے ، اپنے ٹویٹ پیغام میں فلسطینی بچوں کی تصاویر بھی شامل کی ہیں۔ اور کہا ہے کہ یہ معصوم بچے ہیں۔ بورٹن کے اس ٹویٹ نے لیور پول کے سابق کھلاڑی بین آیون کو برافروختہ کر دیا جو اسرائیل کی طرف سے اب تک 96 مرتبہ سامنے آ چکا ہے۔ آج کل وہ مکابی حیفہ کی طرف سے کھیلتا ہے۔ تاہم دونوں کھلاڑیوں کے درمیان حتمی طور پر معاملہ اچھی خواہشات پر ختم ہو گیا، دونوں بہر حال کھلاڑی ہیں، اس لیے اسرائیلی وحشیانہ بمباری کی حمایت پر اَڑ جانا مشکل تھا۔