لندن۔17جولائی ( سیاست ڈاٹ کام)برازیل میں فٹ بال ورلڈ کپ ختم ہوگیا۔ اگلے دو ورلڈ کپ کی میزبانی بالترتیب روس اور قطر کے پاس ہے۔ 2026 کے میگا ایونٹ کی میزبانی امریکا کو ملنے کے قوی امکانات ہیں۔ جبکہ 2030 کا ٹورنمنٹ انگلینڈ کروانے کا خواہشمند ہے لیکن یوروگوئے اس کی راہ میں آگیاہے۔ لاطینی امریکی ملک یکایک میزبانی کی دوڑ میں پسندیدہ بن گیا ہے۔ حالیہ ورلڈ کپ میں اس کے اسٹرائیکر سواریز کے اطالوی کھلاڑی کو کترنے کے واقعہ کے باوجود فیفا اس میزبانی کو جنوبی امریکہ کے ملک یوروگوئے کی جھولی میں ڈالنے کی تیاری کر رہا ہے ،
جس سے انگلینڈ میں پریشانی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق فیفا کا خیال ہے کہ یوروگوئے میں تقریباً ایک صدی سے فٹ بال فائنلس نہیں کرائے جا سکے ، حالانکہ وہ دو مرتبہ عالمی کپ بھی جیت چکا ہے ، جن میں 1930 کا افتتاحی کپ بھی شامل ہے اور اس نے تین مرتبہ سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا ہے۔ دریں اثناء ارجنٹینا بھی اس کے ساتھ مل کر مشترکہ طور پر ایونٹ کا انعقاد کرسکتے ہیں۔2002 میں کوریا اور جاپان میں اس کا کامیاب تجربہ ہوچکا ہے ایسا ہوا تو انگلینڈ کے امکانات مزید کم ہو جائیں گے۔ ہالینڈ بھی ایسا ملک ہے جہاں ابھی تک فیفا ورلڈ کپ فٹ بال کے فائنلز نہیں ہو پائے۔ تیزی سے ابھرنے والی عالمی معاشی طاقت چین کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا رہا۔ فیفا کے مطابق چین ایک بہت بڑی مارکیٹ ہے اور معاشی طور پر وہاں عالمی کپ کافی منافع بخش ہو سکتا ہے۔ ہر صورت میں انگلینڈ کے امکانات معدوم ہی ہو رہے ہیں۔