ریو ڈی جنیریو 13 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) برازیل میں اختتام پذیر ہوئے ورلڈ کپ فٹبال میں حالانکہ کہا جاتا رہا کہ اس بار مختلف ٹیموں کی جانب سے جارحانہ تیور اختیار کئے گئے تھے جبکہ جنوبی افریقہ میں 2010 میں ہوئے ورلڈ کپ میں ٹیموں پر دفاعی موقف اختیار کرنے کا الزام تھا ۔ تاہم ایک سروے میں یہ انکشاف کیا گیا ہے کہ اس بار ٹورنمنٹ میں بہترین گول کیپرس دیکھنے میں آئے ہیں۔ اتوار کو جو فائنل میچ جرمنی اور ارجنٹینا میں ہونے والا ہے اس سے قبل تک کے تمام میچس میں گول کیپرس کا رول بہترین رہا ہے اور یہ واضح ہوگیا ہے کہ گول کیپرس نے بھی ٹورنمنٹ میں اپنے آپ کو منوالیا ہے اور ان کی اہمیت سے سبھی واقف ہوگئے ہیں۔
گول کیپرس کو حالانکہ کلب کی سطح پر زیادہ مسلمہ اہمیت نہیں دی جاتی لیکن ورلڈ کپ میں ضرور گول کیپرس کی اہمیت سب پر اجاگر ہوئی ہے ۔ ارجنٹینا کے گول کیپر سرجیو رومیرو نے گذشتہ سیزن میں صرف ایک لیگ ٹورنمنٹ کھیلا تھا تاہم اب وہ ارجنٹینا کے قومی ہیرو بن گئے ہیں کیونکہ انہوں نے سیمی فائنل میں نیدرلینڈ کے خلاف دو پنالٹی شوٹس روکے تھے ۔ انہوں نے ران ولار اور ویسلے شنائیڈر کے کک روک کر اپنی ٹیم کو کامیابی دلانے میں اہم اور بنیادی رول ادا کیا تھا ۔ چونکہ ٹورنمنٹ میں زیادہ بہترین کھلاڑی شامل تھے اور انہوں نے گول پوسٹ پر زیادہ حملے کئے اور جارحانہ تیور اختیار کئے تھے اس لئے گول کیپرس کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع دستیاب ہوا ۔ ارجنٹینا کیلئے گذشتہ ٹورنمنٹ میں جابولانی نے شاندار کارنامہ انجام دیا تھا ۔ اس سال میکسیکو کے گوئیلرمو اوچوا کی بھی ستائش کی جا رہی ہے
جنہوں نے برازیل کے خلاف اپنی ٹیم کا میچ 0 – 0 سے ڈرا کرانے میں اہم رول ادا کیا تھا ۔ انہوں نے بعض موقعوں پر اہم اسٹرائیکس کو گول میں تبدیل ہونے سے روک دیا تھا ۔ سمجھا جارہا ہے کہ اس ٹورنمنٹ میں بہتر کارکردگی دکھانے پر انہیں اسپانش فٹبال لیگ میں اٹلیٹیکو میڈریڈ کی ٹیم میں شامل کرنے معاہدہ کیا جاسکتا ہے ۔ کوسٹاریکا کے کیلر ناواس کو بھی اٹلیٹیکو کی ٹیم نے اپنے مشاہدہ میں رکھا ہے اور وہ بھی واحد ایسے کھلاڑی ہیں جنہوں نے اب تک برازیل میں تین مرتبہ مین آف دی میچ ایوارڈ حاصل کیا ہے ۔ ناواس بھی بہترین گول کیپر ہیں اور انہوں نے 510 منٹ میں صرف ایک فیلڈ گول ہونے کا موقع دیا ہے ۔ انہوں نے یونان کے خلاف میچ میں گول روکتے ہوئے اپنی ٹیم کو کوارٹر فائنل میں رسائی میں اہم رول ادا کیا تھا ۔