فٹبالر رونالڈو اپنے ہی ساتھیوں سے خوفزدہ

لزبن، 6 جون (سیاست ڈاٹ کام) پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو میگا ایونٹ سے پہلے اپنے ہی ساتھیوں سے خوفزدہ ہو گئے۔ انجری سے بچنے کیلئے الگ ٹریننگ شروع کر دی۔ پرتگالی کرسٹیانو رونالڈو ورلڈ کپ میں سب کی نظروں کا محور ہوں گے۔ مگر اسٹار فٹ بالر کسی اور سے نہیں بلکہ اپنے ہی ٹیم کے کھلاڑیوں سے خوفزدہ ہیں۔ چیمپئنز لیگ میں سب سے زیادہ گول داغنے والے کرسٹینانو رونالڈو ان دنوں گھٹنے کی انجری کا شکار ہیں۔ پرتگالی کپتان مزید انجریز سے بچنا چاہتے ہیں اور اس کیلئے انہوں نے اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں سے ہی احتیاط برتنا شروع کر دی ہے۔ پرتگال فٹ بال فیڈریشن کے مطابق، کرسٹیانو رونالڈو مزید انجری سے بچنے کیلئے اپنی ٹیم کے ٹریننگ سیشن کے بجائے انفرادی طور پر ٹریننگ کر رہے ہیں۔ پرتگال فٹ بال ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ 16 جون کو جرمنی کے خلاف سیلواڈور میں کھیلے گا۔