مونٹی کارلو۔ 21 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)اٹلی کے فابیو فوگنی نے کرشمائی مظاہرہ کرتے ہوئے مونٹی کارلو ٹینس ٹورنامنٹ کے بادشاہ اسپین کے رافیل نڈال کو شکست دے کر اس کلے کورٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا ہے ۔ فوگنی نے 11 بار مونٹی کارلو کا خطاب جیت چکے نڈال کو ایک گھنٹے 36 منٹ میں 6-4، 6-2 سے شکست دی اور پہلی باراے ٹی پی ماسٹرز 1000 ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی۔ جیت کے بعد فوگنی نے کہاکہ رفا جب سامنے ہوں تو ہر میچ مشکل ہوتا ہے اور میچ سے پہلے میں خود کو کہہ رہا تھا کہ میرے پاس ان کو شکست دینے کے قابل کھیل ہے ۔اطالوی کھلاڑی نے اس جیت سے نڈال کے مونٹی کارلو میں مسلسل 25 سیٹ اور مسلسل 18 میچ جیتنے کے سلسلہ کا اختتام کر دیا۔ فوگنی اس جیت کے ساتھ چوتھے ایسے کھلاڑی بنے ہیں جنہوں نے کلے کورٹ پر نڈال کے خلاف تین یا اس سے زیادہ کامیابی حاصل کی ہیں ۔31 سالہ فوگنی کا فائنل میں سربیا کے دسان لاجووچ سے مقابلہ ہوگا جو پہلی باراے ٹی پی ٹور فائنل میں پہنچے ہیں۔ لاجووچ نے دیگر سیمی فائنل میں 10 ویں سیڈ روس کے ڈینل مدویدیف کو 7-5، 6-1 سے شکست دی۔ مرد زمرے میں نیکولا میک ٹک اور فرینکو سکوگر پر مشتمل کروشین جوڑی نے مونٹی کارلو ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ ڈبلز ٹائٹل جیت لیا.نیکولا اور فرینکو نے فیصلہ کن معرکے میں روبن ہاس اور ویسلے کو شکست فاش سے دوچار کر کے ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔فرانس میں منعقدہ ایونٹ میں کھیلے گئے ڈبلز فائنل میں نیکولا میک ٹک اور فرینکو سکوگر پر مشتمل کروشین جوڑی نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے روبن ہاس اور ویسلے پر مشتمل ہالینڈ کی جوڑی کو سخت مقابلے کے بعد 6-7، 7-6 اور 11-9 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔