میگا فوڈ پارکس کانفرنس سے سکریٹری وزارت فوڈ پراسیسنگ سراج حسین کا خطاب
حیدرآباد ۔ 28 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : سکریٹری وزارت فوڈ پراسیسنگ انڈسٹری مسٹر سراج حسین نے آج کہا کہ فوڈ پراسیسنگ صنعت میں ہندوستان کی ترقی کے وسیع تر امکانات ہیں ۔ میگا فوڈ پارکس اور فوڈ پراسیسنگ شعبہ میں سرمایہ کاری پر ایک قومی کانفرنس کا افتتاح انجام دیتے ہوئے انہوں نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ فوڈ پراسیسنگ کے ذریعہ دیہی عوام کے روزگار میں بہتری پیدا کی جاسکتی ہے ۔ جب کہ کسانوں کی زرعی پیداوار میں اضافہ ہوگا ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست آندھرا پردیش میوہ جات ، پھول ، مصالحہ جات ، ترکاریوں ، حیاتیاتی پودوں وغیرہ کی پیداوار میں خود مکتفی بن چکا ہے جس پر ریاستی حکومت نے مرکزی حکومت کے ہمراہ ریاست میں فوڈ پراسیسنگ کی ترقی کے لیے مختلف کار آمد اسکیموں کا آغاز کیا ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ یہ کانفرنس فوڈ پراسیسنگ شعبہ میں سرمایہ کاری کے لیے ایک بہتر پلیٹ فارم ثابت ہوگی ۔ جی کے وسنت کمار اسپیشل سکریٹری محکمہ زراعت نے ریاست کرناٹک کو ملک میں فوڈ پراسیسنگ کا بڑا مرکز بتایا ۔ جے ایس وی پرساد آئی اے ایس پرنسپال سکریٹری محکمہ صنعت و کامرس نے کہا کہ میگا فوڈ پارکس اسکیم کو وزارت فوڈ پراسیسنگ کا فلیگ شپ پروگرام بتایا ۔ رویندر سناریڈی صدر نشین و علاقائی کونسل اسوچیم نے افتتاحی خطاب میں میگا فوڈ پارکس پر کانفرنس کو وقت کی اہم ضرورت بتایا ۔ اس موقع پر رویندر مودی ایم ڈی حیدرآباد فوڈ پراڈکٹس اور اوم ایس تیاگی ڈائرکٹر اسوچیم موجود تھے ۔۔