آرمور /15 اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلنگانہ حکومت کی جانب سے فوڈ سیکوریٹی کے نام سے راشن کیلئے کارڈ دینے کا اعلان اور وظیفہ جات کیلئے نئے سروے سے درخواست داخل کرنے کا اعلان کیا گیا ۔ جس کیلئے آدھار کارڈ کو ضروری قرار دینے کی بات کہی جارہی ہے ۔ عوام کا کہنا ہے کہ بہت سے ا فراد ایسے ہیں جو آدھار کارڈ اترے ہیں لیکن ان کے آدھار کارڈ ابھی تک نہیں ملے ۔ اس کے علاوہ کئی افراد کے آدھار کارڈ فوٹو کشی کرنے کے بعد بھی غائب ہوچکے ہیں ۔ حالانکہ ان کے پاس آدھار کارڈ کی فوٹوکشی کا ثبوت رسید موجود ہے ۔ اس کیلئے عوام آدھار سنٹرس کے چکر کاٹ رہی ہے ۔ جہاں پر لوگوں کا ہجوم جمع ہے آدھار کی فوٹو کشی کیلئے ایک دو ماہ کے بعد کی تاریخ دی جارہی ہے ۔ اس کیلئے عوام کافی پریشان ہیں ۔ اس کے علاوہ عوام فوڈ سیکورٹی کارڈ کیلئے نئے نئے شرائط کے خلاف ہیں ان کا کہنا ہے کہ تلنگانہ حکومت عوام کو کسی قسم کی تکلیف دئے بغیر فوڈ سیکوریٹی کارڈ کی اجرائی عمل میں لائے اور اس کارڈ کیلئے درخواست کی تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع کرے تاکہ عوام بہتر طریقے سے درخواست داخل کرسکے ۔