نارائن پیٹ 7 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بلدیہ نارائن پیٹ کے عملہ کی جانب سے فوڈ سکیوریٹی کارڈ اور وظائف کے لئے دی گئی درخواستوں کی تنقیح کے کاموں میں تساہلی اور سست رفتاری پر ایڈیشنل جوائنٹ کلکٹر محبوب نگر نے برہمی کا اظہار کیا۔ ایڈیشنل جوائنٹ کلکٹر مسٹر راجا رام نے اچانک اپنے دورہ نارائن پیٹ کے موقع پر اِن کاموں کا جائزہ لیا۔ اُنھوں نے اس موقع پر حیرت کا اظہار کیاکہ اس سلسلہ میں ضلع کلکٹر کی ضروری ہدایات اور اِن کاموں کو 2 نومبر تک مکمل کرنے کے احکامات کو نظرانداز کیا گیا جبکہ اُنھوں نے بتایا کہ ضلع کے دیگر بلدیات میں یہ کام تقریباً مکمل کرلیا گیا ہے۔ اُنھوں نے معائنہ کے دوران صرف 40 فیصد تنقیح کے کاموں کے انکشاف پر کمشنر بلدیہ نارائن پیٹ مسٹر سمیا سے استفسار چاہا جس کا کمشنر نے واضح جواب نہیں دے پایا۔ اُنھوں نے کمشنر بلدیہ نارائن پیٹ کو ہدایت کی کہ وہ کسی بھی صورت میں اندرون دو یوم ان کاموں کو مکمل کرلیں۔ اُنھوں نے انکشاف کیاکہ اِن کاموں کی جلد تکمیل پر ہی وظائف کی اجرائی عمل میں لائی جاسکتی ہے ورنہ معمر و معذورین اس ماہ بھی وظائف کے حق سے محروم ہوجائیں گے۔ مسٹر راجا رام ضلع جوائنٹ کلکٹر کل شام اچانک نارائن پیٹ کے دورہ پر آئے تھے۔