فون پر خاتون کو ہراساں کرنے والا کارپینٹر گرفتار

حیدرآباد ۔ 26 مارچ ( سیاست نیوز) فون پر شادی شدہ خاتون کو ہراساں کرنے اور فحش مواد روانہ کرنے والے کارپینٹر کو حیدرآباد سٹی پولیس کی شی ٹیم نے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 26 سالہ پی بابا جان متوطن ضلع چتور آندھراپردیش مختلف سم کارڈس کے ذریعہ وہ کئی خواتین کو فون پر ہراساں کرنے کا عادی ہے ۔ ایڈیشنل کمشنر کرائمس سواتی لکرا نے بتایا کہ چکڑپلی علاقہ کی ساکن ایک خاتون کو کارپینٹر بابا جان مسلسل فون پر تنگ کر رہا تھا اور اس کو بلیک میل کرنے کی کوشش کر رہا تھا ۔اپنے شوہر سے خوفزدہ خاتو ن نے پولیس سے شکایت درج کروانے میں پس و پیش کا شکار ہوگئی ‘ لیکن شی ٹیم کو اس نے بذریعہ واٹس اپ شکایت کی تھی اور پولیس نے کارپینٹر کو گرفتار کرلیا اور شی ٹیم نے اسے چکڑ پلی پولیس کے حوالے کر دیا ۔