فور ٹریک سڑک مسئلہ پر رکن اسمبلی کا احتجاج کی دھمکی

گونڈا27اگست(سیاست ڈاٹ کام ) اترپردیش کے ضلع گونڈا کے شہری علاقہ میں زیر تعمیر جرول پھریندا فور لین سڑک کے بڑگاؤں پولیس چوکی چوراہے سے اوور برج تک کے کام میں ہو رہی تأخیر کے سلسلے میں بی جے پی کے ممبر پارلیمنٹ کے بعد ممبر اسمبلی نے بھی تعمیری کام میں تیزی لانے کے لئے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو دھمکی بھرا خط لکھاہے ۔بی جے پی ممبر اسمبلی پرتیک بھوشن سنگھ نے پیر کو بتایا کہ زیر تعمیر جرول پھریندا فورلین سڑک کے بڑگاؤں پولیس چوکی چوراہے سے اووربرج تک تعمیری کا م میں ہو رہی تأخیر سے لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا رہا ہے ،انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ سے سڑک تعمیر میں تیزی لانے کی کئی بار اپیل کئے جانے کے باوجود ضلع انتظامیہ اس پر کوئی دھیان نہیں دے رہا ہے۔سنگھ نے ڈسٹرک مجسٹریٹ سے تعمیر ی کام میں تیزی لاتے ہوئے 31اگست تک کا م کو پورا کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مطالبہ پورا نہ ہونے پر کارکنان یکم ستمبر سے ضلع انتظامیہ کے خلاف احتجاج کریں گے اور ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کا گھیراؤ کیا جائے گا۔تعمیری کام میں تأخیر کی وجہ سے لوگوں کو آمد ورفت میں پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا رہا ہے ۔خیال رہے کہ اس سے قبل گونڈا سے ممبر پارلیمنٹ کیرتی وردھن سنگھ بھی ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو اسی سڑک کی تعمیر کے سلسلے میں احتجاج کی دھمکی دے چکے ہیں۔محکمہ تعمیرات عامہ کے افسران کا کہنا ہے کہ سڑک کی تعمیر میں حائل مذہبی مقامات، غیر قانوی قبضہ اور بجلی کے کھمبوں کو ہٹانے کے بعد ہی سڑک کی تعمیر کا کام صحیح طور سے شروع ہو سکے گا۔