فوج کی پاکستان کو سخت وارننگ ،دہشت گردوں کو روکیں

نئی دہلی ،22اکتوبر(سیاست ڈاٹ کام )کنٹرول لائن پر مسلح دراندازوں کے حملے میں تین فوجیوں کے شہید ہونے کے بعد ہندستانی فوج نے پاکستانی فوج کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہاہے کہ وہ اپنی سرزمین پر سرگرم دہشت گردوں کی حرکتوں پر لگام لگائے ۔فوج نے پہلے سے قائم رابطہ کے توسط سے پاکستانی فوج جوابی کارروائی میں ہلاک ہوئے دوپاکستانی دراندازوں کی لاشیں لے جانے کو بھی کہاہے ۔ہندستانی فوج نے پاکستانی فوج سے سخت لہجہ میں کہاکہ وہ اپنی سرزمین پر سرگرم دہشت گردوں کی حرکتوں پر لگام لگائے اور دراندازی میں انکی مددنہ کرے ۔فوج نے کہاہے کہ اس کے پاس معلومات ہے کہ بڑی تعدادمیں دہشت گرد سرحد پار لانچ پیڈ پر ہیں اور وہ برف باری شروع ہونے سے پہلے دراندازی کی تاک میں ہیں ۔ طرف سے کنٹرول لائن پار کرکے آئے پانچ مسلح دراندازوں نے اتوارکو جموں علاقہ کے سدندربنی سیکٹر میں اچانک ہندستانی فوج کی گشتی ٹیم پر حملہ کردیاتھا۔اس حملہ میں تین فوجی شہیدہوگئے اور ایک زخمی ہوگیا۔فوج نے جوابی کارروائی میں دودراندازوں کو ہلاک کردیاتھا۔مارے گئے لڑاکو جوانوں کی وردی میں تھے لیکن انکی شناخت نہیں ہوسکی ۔فوج کے مطابق پاکستان کی پہل پر گزشتہ 20مئی کو ڈائریکٹرزجنرل آف ملٹری آپریشن کی میٹنگ کے بعد سے ہندستان سرحد پارسے اشتعال انگیزی کی کارروائی کے باوجود کنٹرول لائن پر صبروتحمل سے کا م لے رہاہے اور جنگ بندی کے معاہدے پر عمل کررہاہے ۔میٹنگ کے بعد سے پاکستانی فوج دہشت گردوں کی دراندازی کے لئے مسلسل کوشش کررہی ہے اور 30مئی کے بعد سے ہندستانی فوج نے دراندازی کی 7کوششیں ناکام بنائی ہیں جن میں 23دہشت گردمارے گئے ہیں ۔