فنی تربیت کے ساتھ تعلیم حاصل کرنے کا مشورہ

منچریال میں جلسہ سے ڈپٹی کلکٹر پریانکا کا خطاب
منچریال۔/28فبروری، (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مسلم شادی خانہ منچریال میں دارالانصار ویلفیر سوسائٹی نے ایک تقریب بضمن تقسیم ٹیلرنگ اسنادات منعقد کی۔ جس میں سو سائٹی ہذا کے زیر نگرانی تربیت یافتہ خواتین و لڑکیوں کو ٹیلرنگ سند عطا کی گئی۔ اس تقریب میں ڈپٹی کلکٹر مسرز پرینکا، رکن اسمبلی منچریال مسٹر این دیواکر راؤ اور میونسپل چیرمین منچریال مسرز ایم وسندھرا نے شرکت کی۔ رکن اسمبلی نے کہا کہ حکومت اقلیتی خواتین کی ہمہ جہتی ترقی اور خود روزگار اسکیمات کو کامیابی سے روبہ عمل لارہی ہے۔ شادی مبارک کے ذریعہ غریب لڑکیوں کی شادی میں مدد کی جارہی ہے۔ سوسائٹی کی جانب سے ٹیلرنگ سنٹر چلانے اور خواتین کو تربیت دینے کی کافی ستائش کی ۔ مسرز پرینکا ڈپٹی کلکٹر نے بھی سوسائٹی کے حرکیاتی کاموں کی کافی سراہنا کی اور خواتین کی ٹیلرنگ میں تربیت حاصل کرنے پر کافی مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ لڑکیاں بھی کم از کم ڈگری سطح تک ضرور تعلیم حاصل کریں۔مسرز پرینکا نے مسلم خواتین کو مشورہ دیا کہ وہ فنی تربیت کے ساتھ ساتھ کم از کم ڈگری سطح تک ضرور تعلیم حاصل کریں تاکہ آگے چل کر روزگار کے مواقع حاصل کرسکیں۔ صرف تعلیم کے ذریعہ ہی غربت کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔ عصر حاضر میں حکومت تعلیمی شعبہ میں بلا امتیاز ہر ایک کیلئے تعلیم کی سہولت پہنچارہی ہے۔ سماج کے غریب طبقات کیلئے ریسیڈنشیل اسکولس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ غریب طبقات ضرور اس سہولت سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے بچوں کی صد فیصد تعلیم کو یقینی بنائیں۔ مسرز ایم وسندھرا چیرپرسن نے کہا کہ خواتین ٹیلرنگ میں مہارت حاصل کرتے ہوئے خود روزگار حاصل کررہے ہیں کافی مسرت کی بات ہے۔ سوسائٹی نے خواتین کو خود روزگار شعبہ میں آگے بڑھانے کیلئے کافی گرانقدر کارنامہ انجام دیا ہے۔ انہوں نے سوسائٹی کے ذمہ داروں کو مبارکبا د دی اور کہا کہ وہ ریاستی حکومت کی ترقیاتی اسکیمات سے خواتین کو بھی صد فیصد استفادہ کرنے مساعی کریں۔ اس پروگرام میں مسرز پرینکا ڈپٹی کلکٹر ، رکن اسمبلی منچریال مسٹر این دیواکر راؤ، چیرپرسن مسرز ایم وسندھرا، مولانا مفتی مشکور احمد قاسمی ۔ سوسائٹی اراکین جناب محمد ایوب خان، جناب منظور احمد ، جناب جلال الدین کے علاوہ جناب سراج الرحمن، جناب امجد خان، جناب بدر الدین، جناب شیخ معین، ایوب، جناب حسام الدین، جناب مفخم احمد کاغذ نگر کے علاوہ خواتین و مرد حضرات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔