فنی تربیتی کورسیس خواتین کے معاشی استحکام میں معاون

محبوب نگر /26 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مسلم شعور بیداری کمیٹی کا قیام اہم ترین بنیادی ضرورتوں کی تکمیل کے لئے لایا گیا ہے اور مسرت کی بات ہے کہ سوسائٹی اپنے مقاصد کو حاصل کرنے کے لئے مسلسل اطمینان بخش جدوجہد کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار مسلم شعور بیداری کمیٹی محبوب نگر کے روح رواں ڈاکٹر مدھو سدن ریڈی نے رین بو ہائی اسکول محبوب نگر میں آج خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وہ کمیٹی کے زیر اہتمام فری سمر کیمپ کی افتتاحی تقریب سے مخاطب تھے۔ اسکول کے میدان میں موجود سیکڑوں خواتین و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ یہ کیمپ مسلم شعور بیداری کمیٹی اور روزنامہ سیاست کے اشتراک و تعاون سے چلایا جا رہا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ 9 برس سے ہر سال پابندی کے ساتھ کیمپ منعقد کیا جا رہا ہے، جہاں سے 12 ہزار طالبات و خواتین نے تربیت حاصل کی ہے۔ علاوہ ازیں کئی ایک میڈیکل کیمپس منعقد کئے گئے اور غریب و مستحقین کا علاج کیا گیا اور ضرورت مند مریضوں کی سرجری بھی کی گئی۔ انھوں نے طالبات کو مشورہ دیا کہ وہ توجہ کے ساتھ کورسیس سیکھیں اور انھیں ضرورت ہو تو مائناریٹی فینانس کارپوریشن اور مہیما کے ذریعہ قرض کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ محترمہ رادھا امر چیرپرسن بلدیہ نے کہا کہ طالبات و خواتین مردوں کے شانہ بہ شانہ آگے بڑھیں۔ محبوب نگر میں اس کیمپ کا انعقاد باعث مسرت ہے۔ خواتین تربیت حاصل کرکے معاشی طورپر مستحکم ہوکر اپنے پیروں پر کھڑی ہوسکتی ہیں اور خاندان کی مدد کرسکتی ہیں۔ مولانا محمد محسن پاشاہ قادری نقشبندی جنرل سکریٹری سنی علماء و مشائخ بورڈ نے کہا کہ امر بالمعروف و نہی عن المنکر کے تحت تعطیلات میں بچوں کو بری صحبت اور گندے ماحول سے بچانے کے لئے یہ کیمپ نعمت غیر مترقبہ سے کم نہیں۔ ایم ایس بی کے ذمہ داران اس کے لئے قابل مبارکباد ہیں۔ انھوں نے طالبات کو مشورہ دیا کہ وہ چند گھنٹے فارغ اوقات نکال کر کورسیس سیکھیں، یقیناً یہ ان کے لئے روزگار کی ضمانت بن سکتا ہے۔ ایم اے خلیل نے کہا کہ 9 سال سے یہ کام جاری ہے اور بارہ ہزار طالبات کا فارغ ہونا کوئی معمولی بات نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ بغیر تشہیر کے اتنا بڑا کام خلوص نیت کا نتیجہ ہے۔ محمد مظہر قادری نے کارروائی چلائی۔ محمد قدیر اور سید اسماعیل نے بھی مخاطب کیا۔ شہ نشین پر محمد محمود علی کونسلر، سید سلیم اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔ سید اسماعیل نے بتایا کہ کیمپ کی مدت 26 اپریل تا 25 مئی ہے، جس میں ایم ایس آفس، اسپوکن انگلش، بیوٹیشن، مہندی ڈیزائننگ، سافٹ ٹوئس، فلاور میکنگ اور ٹیلرنگ وغیرہ کی تربیت دی جائے گی۔ محمد مجیب کے شکریہ پر پروگرام کا اختتام ہوا۔