فنکشن ہال کے ملازم کے قتل میں ملوث دو افراد گرفتار

ملزمین جیل منتقل، رام گوپال پیٹ پولیس کی کارروائی
حیدرآباد 11 فروری (سیاست نیوز) رام گوپال پیٹ پولیس نے سکندرآباد کے فنکشن ہال کے ملازم کے بہیمانہ قتل میں ملوث دو افراد کو گرفتار کرلیا۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس سیف آباد وینو گوپال ریڈی نے کہاکہ 7 فروری کو 25 سالہ راہول کا جو ایک شادی خانہ کا ملازم تھا، سر پر وزنی پتھر ڈال کر قتل کردیا گیا تھا۔ پولیس رام گوپال پیٹ نے اِس سلسلہ میں قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور خفیہ اطلاع ملنے پر ای ستیہ نارائنا اور پی سرینواس راؤ کو حراست میں لے کر تفتیش کی جس میں قتل کا انکشاف ہوا۔ بتایا جاتا ہے کہ مقتول راہول اپنے ساتھیوں سے جبراً رقومات وصول کیا کرتا تھا اور کچھ عرصہ قبل ستیہ نارائنا کو رقم نہ دینے پر پتھر سے حملہ کرکے اُسے زخمی کردیا تھا جس کے نتیجہ میں ستیہ نارائنا کے پیر پر گہرا زخم آیا تھا اور اُسے طویل عرصہ تک دواخانہ میں علاج کرانا پڑا۔ راہول سرینواس راؤ کو رقم کے لئے ہراساں کیا کرتا تھا اور دونوں نے راہول کے قتل کا منصوبہ تیار کیا اور 7 فروری کو بات کرنے کے بہانے ستیہ نارائنا اور سرینواس راؤ نے راہول کو سکندرآباد رانی گنج کے ایک فٹ پاتھ پر بلایا اور بات چیت کے دوران اچانک پتھر سے حملہ کرکے قتل کردیا۔ پولیس نے خاطیوں کی تلاش کے لئے سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ کا تجزیہ کیا تھا جس میں ملزمین کی نشاندہی کی گئی۔ گرفتار ملزمین کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا گیا۔